میرے پیچھے ہٹنے سے ملک کو فائدہ ہوتا ہے تو مطمئن کریں میں پیچھے ہٹ جاتا ہوں، عمران خان

مذاکرات ایسے نہیں ہوتے، محمود خان اچکزئی اگر کوئی پیشکش لے کر آئیں گے تو پھر مذاکرات کرنے کا سوچیں گے،مذاکرات کئے تو ن لیگ کی حکومت چلی جائے گی،بانی پی ٹی آئی کی جیل میں صحافیوں سے گفتگو

راولپنڈی( نیوز ڈیسک ) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ میرے پیچھے ہٹنے سے ملک کو فائدہ ہوتا ہے مجھے مطمئن کریں میں پیچھے ہٹ جاتا ہوں، مذاکرات ایسے نہیں ہوتے، محمود خان اچکزئی اگر کوئی پیشکش لے کر آئیں گے تو پھر مذاکرات کرنے کا سوچیں گے، ن لیگ سے ہم کیا مذاکرات کریں؟ کیا ان سے موسم کی بات کریں، اگر مذاکرات کئے تو ان کی حکومت چلی جائے گی۔
190 ملین پاونڈ ریفرنس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہم نے محمود خان اچکزئی کو سیاسی اتحاد کے ساتھ بات کرنے کی اجازت دی ہے۔ میں پاکستان کیلئے مذاکرات کرنا چاہتا ہوں اپنی ذات یا حکومت کیلئے نہیں۔عدلیہ کا امتحان ہے وہ کمزور کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے یا طاقتور کا ساتھ دیتی ہے۔
حکومت ملک میں سرمایہ کاری کا ماحول نہیں بناسکی۔

ملک کو سرجری اور مینڈیٹ والی حکومت کی ضرورت ہے جو ریفارمز کرکے ملک کو بچا سکے کیوں کہ پاکستان اس وقت زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہا ہے۔ موجودہ بجٹ نے ثابت کیا کہ مینڈیٹ کے بغیر حکومت ریفارمز نہیں کرسکتی۔ پروفیشنل افراد اور قوم پر ٹیکسوں کی بارش کردی گئی ہے۔ یکم جولائی کو آنے والے بجلی کے بلوں کے بعد قوم کے ہوش اڑ جائیں گے، لوگوں کی قوت خرید ختم ہوچکی ہے۔
ایسی قانون سازی کی گئی ہے کہ حوالہ ہنڈی سے پیسہ ملک سے باہر بھیجنے کو روکنے کا طریقہ ہی موجود نہیں۔بانی پی ٹی آئی عمران خان نے گفتگو کے دوران مزید کہا کہ احسن اقبال نے مجھے 5 سال جیل میں رکھنے کا کہہ کر عدلیہ کی توہین کی ہے۔ سینئر وفاقی وزیر کے اس بیان کے بعد یہ ظاہر ہے ملک میں قانون کی حکمرانی موجود ہی نہیں، احسن اقبال ایسے بیانات کس منہ سے دے رہے ہیں؟ اڈیالہ جیل میں دو اچھے افسران تھے جنہیں یہاں سے تبدیل کردیا گیا۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ بلال کو اڈیالہ جیل سے تبدیل کیا گیا۔عمران خان نے کہا کہ جس شخص نے فراڈ الیکشن کرائے وہ ہمیں انصاف کیسے دے سکتا ہے؟ شہباز شریف کے 5، نواز شریف کے چار، مریم نواز کے 2 اور زرداری کے 10 مقدمات نئے قانون بنا کر ختم کرائے گئے، این آر او ٹو میں بہت بڑا فراڈ کیا گیا ایسی ترامیم کی گئیں جو بنانا ری پبلک میں بھی نہیں کی جاتیں۔
نیب قوانین میں ترامیم کرکے اپنی چوریاں چھپائی گئیں۔ ایک طرف کہتے ہیں خزانہ خالی ہے دوسری طرف مریم نواز اپنی تشہیر پر اربوں روپے خرچ کررہی ہے۔ اڈیالہ جیل میں بیٹھے میجر اور کرنل کے خلاف بدھ سے کیس دائر کریں گے جس کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں۔ ملک کرائسز میں ہے، حکومت نے اپنے خرچے کم نہیںکئے جو تکلیف دہ بات ہے۔بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں لوڈ شیڈنگ کے معاملے پر گنڈا پور سے کئے گے وعدے کو توڑا گیا، میرے چھوٹے سے کمرے میں پنکھا بند ہو تو وہ اوون بن جاتا ہے اور خیبرپختونخواہ میں تو 22 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔
بجلی کی چوری پرانا مسئلہ ہے، حیدر آباد، سندھ، کوئٹہ میں بھی بجلی چوری ہوتی ہے۔ خیبر پختونخواہ کے عوام علی امین گنڈا پور کو برا بھلا کہہ رہے ہیں وہ کہاں جائے؟۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے علی امین گنڈا پور سے ملاقات سے کبھی انکار نہیں کیا سپرنٹنڈنٹ جیل میرے ملاقاتیوں کی فہرست سے نام نکال دیتا ہے، شیرافضل مروت لندن کی ٹھنڈی ہوائیں لے رہا ہے، ملک میں کون سی سے ایسی پارٹی ہے جس میں گروپنگ موجود نہیں ہے۔