لاہور میں مون سون میں معمول سے زیادہ بارشیں ہونے کا امکان

محکمہ موسمیات نے مون سون بارشیں جون کے آخر سے شروع ہونے کی پیشگوئی کردی

لاہور ( نیوز ڈیسک ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مون سون سیزن کے دوران معمول سے زیادہ بارشیں ہونے کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ چیف میٹرولوجسٹ لاہور شاہد عباس کا کہنا ہے کہ بھارت میں ابھی مون سون کا آغاز نہیں ہوا، بھارت میں پری مون سون کے اثرات پاکستان پر بھی پڑتے ہیں، مون سون بارشیں جون کے آخر سے شروع ہوں گی، مون سون میں معمول سے زیادہ بارشیں ہوں گی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں بادل چھائے رہیں گے، وفاقی دارالحکومت کے گرد و نواح میں بھی مطلع جزوی ابرآلود ہوگا جہاں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے، اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، اٹک، جھنگ، ناروال، سیالکوٹ میں تیز ہوائیں اور بارش ہوسکتی ہے، اسی طرح خطہ پو ٹھو ہار، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بتایا گیا ہے کہ عید کے تیسرے روز گرمی کی شدت میں معمولی کمی دیکھی گئی ، سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا ، کم سے کم 28 اور زیادہ سے زیادہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، تاہم میدانی علاقوں میں دن کے وقت موسم شدید گرم رہا، کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک ریکارڈ ہوا، صوبے کے جنوبی اضلاع میں گرد آلود ہوائیں چلتی رہیں، کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37، قلات میں 34 اور زیارت میں 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ ژوب اور چمن میں 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، تربت میں 49 اور سبی میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ، نوکنڈی میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ، جیونی میں 36 اور گوادر میں 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، کراچی میں بھی عید کے تیسرے دن موسم بدسروت گرم رہا جہاں دن میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ ہوا، رات کا درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہا، ہوا میں نمی کا تناسب 66 فیصد تھا ، شمال مشرق سے ہوائیں 19 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلتی رہیں۔