سابق گورنر محمد زبیر نے مسلم لیگ ن سے راہیں جدا کرلیں

جب سے پارٹی نے پاور پالیٹکس شروع کی ہے میرا ن لیگ کے ساتھ چلنا مشکل ہوگیا، ابھی کسی اور پارٹی میں جانے کا فیصلہ نہیں کیا، آئندہ چند دنوں میں سیاسی مستقبل کا فیصلہ کروں گا۔ میڈیا سے گفتگو

کراچی ( نیوز ڈیسک ) سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے مسلم لیگ ن سے راہیں جدا کرنے کا اعلان کردیا۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کے سابق ترجمان محمد زبیر نے مسلم لیگ ن چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے، اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کافی عرصے سے میں نے یہ فیصلہ کرلیا تھا کیوں کہ جب سے پاور پالیٹکس شروع کی ہے تو میرا ن لیگ کے ساتھ چلنا مشکل ہوگیا، پارٹی کا مؤقف تبدیل ہوا اس لیے خود کو ن لیگ سے الگ کرلیا۔
محمد زبیر کا کہنا ہے کہ میں کافی عرصے پہلے ن لیگ قیادت کو واضح کر چکا تھا کہ مجھے تحریک عدم اعتماد، پی ڈی ایم کی 16 ماہ کی کارکردگی سمیت مختلف ایشوز پر اختلافات تھے، ووٹ کو عزت دو ہمارا نعرہ تھا، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ چھوڑ کر ہر قیمت پر حکومت میں آنا ہے تو پھر کیا بات چیت کرسکتے ہیں کیوں کہ میں نے عوام کیلئے سیاست کرنی ہے، میں نے ابھی کسی اور پارٹی میں جانے کا فیصلہ نہیں کیا، آئندہ چند دنوں میں سیاسی مستقبل کا فیصلہ کروں گا۔
علاوہ ازیں نواز شریف کے سابق ترجمان یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ عمران خان کو جو سزائیں دی گئیں وہ بیک فائر ہوئیں، سب جانتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی ایک فائٹرہیں وہ جھکیں گے نہیں، ن لیگ سمجھتی تھی عمران خان جیل میں نہیں رہ پائیں گے لیکن بانی پی ٹی آئی جیل میں رہے اوراپنی بات پر ڈٹے ہوئے ہیں، موجودہ صورتحال سے نکلنے کیلئے ایک ہی راستہ مذاکرات کاہے اور مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کاحق ہے انہیں ملنی چاہئیں کیوں کہ 8فروری کوہونے والے انتخابات میں عوام نے بڑی تعدادمیں پی ٹی آئی کوووٹ دیاہے ، نتیجہ سامنے ہے انتخابی نشان نہ لیاجاتا تو آج مخصوص نشستوں کامعاملہ نہ ہوتا، ہمیں مانناچاہیے کہ پاکستان تحریک انصاف ایک مقبول جماعت ہے۔