پاکستان میں ذی الحج کا چاند نظر آگیا، عید الاضحٰی 17 جون بروز پیر کو ہو گی

یکم ذی الحج 8 جون بروز ہفتہ کو ہو گی، پشاور، میانوالی، حویلیاں، گجرات سمیت کئی علاقوں سے چاند کی شہادتیں موصول ہوئیں، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اعلان

کراچی ( نیوز ڈیسک ) پاکستان میں ذی الحج کا چاند نظر آگیا، عید الاضحٰی کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ذی الحج کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 7 جون بروز جمعہ کو محکمہ موسمیات کراچی دفتر میں ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔
اجلاس میں سپارکو، مذہبی امور، محکمہ موسمیات سمیت دیگر نمائندگان شریک ہوئے۔ جبکہ ملک کے تمام صوبائی دارالحکومتوں میں بھی زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے۔ اجلاس کے اختتام پر مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مولانا عبدالخبیر آزاد پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پاکستان میں ذی الحج کا چاند نظر آ گیا ہے، لہذا ملک میں یکم ذی الحج 8 جون بروز ہفتہ جبکہ عید الاضحٰی 17 جون بروز پیر کو ہو گی۔
انہوں نے بتایا کہ پشاور، میانوالی، حویلیاں، گجرات سمیت کئی علاقوں سے چاند کی شہادتیں موصول ہوئیں۔ واضح رہے کہ جمعہ کی شام کو سب سے پہلے پشاور سے چاند نظر آنے کی تصدیق کی گئی، پشاور کے بعد کراچی میں بھی ذی الحج کا چاند نظر آ جانے کی اطلاعات سامنے آئیں، جبکہ لاہور میں ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا۔ یاد رہے کہ ذی الحج کے چاند کی پیدائش گزشتہ روز ہو گئی تھی۔
بتایا گیا ہے کہ ذی الحج کے چاند کی پیدائش 6 جون کی شام کو پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق 5 بج کر 38 منٹ پر ہوئی۔ یوں 7 جون بروز جمعہ کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 25 گھنٹے ہونے کے باعث چاند باآسانی نظر آنے کا امکان ظاہر کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رویت ہلال ریسرچ کونس نے پاکستان میں عیدالاضحٰی 17 جون کو ہونے کا امکان ظاہر کیا۔ بتایا گیا کہ قوی امکان ہے کہ پاکستان میں ماہ ذیقعدہ کا اختتام 29 ایام کے بعد ہو گا۔