سیشن جج رانا سہیل نے محفوظ فیصلہ سنایا،عدالت نے دانیا ل چوہدری، اسامہ چوہدری، چوہدری چنگیز کی درخواست ضمانت منظور کر لی
راولپنڈی( نیوز ڈیسک ) راولپنڈی کی ڈسٹرکٹ ایند سیشن عدالت نے چوہدری عدنان قتل کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنماءچوہدری تنویر کی ضمانت مسترد کرتے ہوئے گرفتاری کا حکم دیدیا،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رانا سہیل نے سابق ایم پی اے چودھری عدنان قتل کیس کی سماعت کی۔سیشن جج رانا سہیل نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے لیگی رہنما چودھری تنویر کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی اورچودھری تنویر کو گرفتار کرنے کا حکم دیدیا۔
عدالت نے دانیا ل چوہدری، اسامہ چوہدری، چوہدری چنگیز کی درخواست ضمانت منظور کر لی ،عدالت نے صبح ملزمان کی حاضری لگا کر انہیں جانے کی اجازت دی تھی۔عدالت نے گزشتہ روز ملزمان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔یاد رہے کہ دو روز قبل راولپنڈی کی سیشن عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رکن پنجاب اسمبلی چوہدری عدنان قتل کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
سابق پارلیمانی سیکریٹری پنجاب چوہدری عدنان قتل کیس کی سماعت راولپنڈی کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رانا سہیل نے کی تھی۔پی ٹی آئی کے سابق رکن پنجاب اسمبلی چوہدری عدنان قتل کیس میں نامزد ملزمان کی درخواست ضمانتوں پر فریقین کے وکلا کی جانب سے دلائل مکمل ہوگئے تھے۔جس کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیاتھا۔خیال رہے کہ چوہدری عدنان کو 12 فروری کی شام پولیس لائنز گیٹ کے قریب فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔
ملزمان کے خلاف تھانہ سول لائنز راولپنڈی میں قتل کا مقدمہ درج کیا تھا۔پولیس کا کہنا تھا کہ سابق ایم پی اے چوہدری عدنان قاتلانہ حملہ میں جاں بحق ہوگئے تھے ۔چوہدری عدنان پر فائرنگ کا واقعہ کچہری چوک کے پاس پیش آیاتھا۔پولیس کے مطابق چوہدری عدنان پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی، انہیں زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔