جاں بحق افراد میں 10 سالہ ایان، 6 سالہ حسنین، 15 سالہ بلال، 10 سالہ رحیم اور 7 سالہ رحیم شامل ہیں،وزیراعلیٰ سندھ کاحیدرآباد میں تمام غیر قانونی فلنگ اسٹیشن کے خلاف کریک ڈاون کا اعلان
حیدرآباد( نیوز ڈیسک ) حیدرآباد میں گیس سلنڈر کی دکان میں دھماکے میں زخمی ہونے والے 6 افراد ہسپتال میں دم توڑ گئے،جاں بحق افراد میں 10 سالہ ایان، 6 سالہ حسنین، 15 سالہ بلال، 10 سالہ رحیم اور 7 سالہ رحیم شامل ہیں،وزیراعلیٰ سندھ نے حیدرآباد میں تمام غیر قانونی فلنگ اسٹیشن کے خلاف کریک ڈاون کا اعلان کر دیا۔تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے علاقے پریت آباد میں دکان میں گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں 51 افراد زخمی ہوئے۔
دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دی جبکہ اطراف میں کے لوگ خوفزدہ ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے۔واقعے کے بعد مقامی افراد اور امدادی کارکنوں نے زخمیوں کو سول ہسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا۔ایس ایس پی حیدرآباد فرخ لنجار نے ہسپتال کا دورہ کیا اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ پیرت آباد کے گنجان آباد علاقے میں گیس سلنڈر کا دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں 51 افراد جھلس کر جاں بحق ہوئے۔
آتشزدگی کے باعث دکان میں موجود کئی سلنڈر دھماکوں سے پھٹ گئے تھے۔ دھماکوں اور آتشزدگی سے آس پاس کی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ ریسکیو اور فائر فائٹرز کی ٹیمیں آگ بجھانے کیلئے جائے وقوع پر پہنچی تھیں۔ دھماکا ایسے وقت میں ہوا جب دکان بھری ہوئی تھی۔ حادثے میں زخمی ہونے والوں میں بیشتر بچے اور ہیں۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے 6 افراد کی حالت تشویشناک ہے جنہیں کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔
مریضوں کے لواحقین نے ہسپتال میں علاج کی سہولیات نہ ملنے پر ہنگامہ آرائی بھی کی جس پر انتظامیہ نے رینجرز کو طلب کیا۔ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے وزرائکے ہمراہ سول ہسپتال کے برنس وارڈ میں مریضوں کی عیادت کی۔سلنڈر دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کیلئے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ، وزیر داخلہ ضیا لنجار، صوبائی وزیراطلاعات شرجیل میمن ، سید ناصر حسین شاہ اور ایم کیوایم کی ایم پی اے فوزیہ حمید سول اسپتال کے برنس وارڈ پہنچیں اور زخمیوں کی عیادت کی۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد میں غیرقانونی فلنگ اسٹیشن کیخلاف آپریشن کا حکم دیدیا ہے۔مراد علی شاہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ کہ وفاق سے گیس نہیں مل رہی اس لئے اندوہناک واقعہ پیش آیا۔مراد علی شاہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ کہ گیس نہ ہونے سے سلنڈرز کے استعمال میں اضافہ ہوا۔