پنجاب کے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان

سکولز یکم جون سے 14اگست تک بند رہیں گے،پنجاب اور وفاق میں تعلیمی اداروں کا وقت تبدیل ، سکول صبح سات بجے سے ساڑھے گیارہ بجے تک کھلیں گے، تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز 15 اگست سے ہوگا، نوٹیفیکیشن جاری

لاہور( نیوز ڈیسک ) پنجاب میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا،تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے یکم جون سے 14اگست تک بند رہیں گے،محکمہ سکول ایجوکیشن سے اس حوالے سے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے ۔تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں سکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز 15 اگست سے ہوگا۔سکولوں میں چھٹیوں کے فیصلے کا اطلاق نجی اور سرکاری تمام سکولوں پر ہوگا۔
دریں اثناءگرمی کی شدت میں اضافہ اور ہیٹ ویوو کے خدشے کے پیش نظر پنجاب اور وفاق میں تعلیمی اداروں کا وقت تبدیل کردیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب میں سکول صبح سات بجے سے ساڑھے گیارہ بجے تک کھلیں گے۔محکمہ تعلیم کے مطابق تمام سکولوں ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی،تمام سکول میں لگے پنکھوں کو چلانے کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔
محکمہ تعلیم کاکہنا ہے کہ سکولوں میں واٹر کولرز کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ گرمی کے وقت کوئی طالبعلم کھلے مقام یا لان میں موجود نہ ہو۔دوسری جانب وفاقی تعلیمی اداروں کے اوقات کار میں تبدیلی کردی گئی۔سیکرٹری تعلیم کے مطابق تعلیمی ادارےصبح ساڑھے 7 سے 1 بجے تک کھلیں گے۔ گرمیوں کی چھٹیوں تک نئے اوقات کارفوری طورپرلاگو کردیئے گئے ہیں۔
اوقات کارمیں تبدیلی کا مقصد طلبا اور اساتذہ کا تحفظ ہے۔سیکریٹری ایجوکیشن کا اس سلسلے میں مزید کہنا ہے کہ سکولوں کے اوقات میں تبدیلی کا مقصد طلبہ اور اساتذہ کا تحفظ ہے۔ اسی حوالے سے پی ڈی ایم اے پنجاب نے رواں ماہ ہیٹ ویو، بارشوں اور طوفان کا الرٹ جاری کردیا۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 18 مئی سے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں گرد آلود ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے،راولپنڈی ،مری،گلیات،اٹک،چکوال،منڈی بہاوالدین ،گجرات،جہلم،گجرانوالہ میں تیز ہواں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہےجبکہ لاہور، قصور ،سیالکوٹ،نارووال، اوکاڑہ ،فیصل آباد ٹوبہ ٹیک سنگھ جھنگ خوشاب سرگودھا اور میانوالی میں آندھی اور بارشوں کے امکانات ہیں،رواں ماہ درجہ حرارت اوسطا 8 ڈگری تک بڑھنے ،21 سے 27 مئی تک پنجاب میں ہیٹ ویو کے امکانات ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ سمیت محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو سٹاک ،انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ واسا، پنجاب پولیس اور سول ڈیفنس کو موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کیا گیا ہے۔