حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کر دی

16 مئی سے پٹرول 15 روپے 39 پیسے، ڈیزل 7 روپے 88 پیسے سستا کر دیے گئے، وزارت خزانہ نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا

اسلام آباد ( کامرس ڈیسک ) حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کر دی، 16 مئی سے پٹرول 15 روپے 39 پیسے، ڈیزل 7 روپے 88 پیسے سستا کر دیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے رواں ماہ کے بقیہ 16 ایام کیلئے پٹرولیم مصنوعات کے صارفین کیلئے بڑے ریلیف کا اعلان کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 روپے تک کمی کر دی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دیے جانے کے بعد وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول، ہائی اسپیڈ ڈیزل، لائٹ اسپیڈ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں کمی کی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کے نوٹیفیکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 15 روپے 39 پیسے فی لٹر ، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 88 پیسے، لائٹ ڈیزل کی قیمت 7 روپے 54 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 9 روپے 86 پیسے کمی کر دی گئی۔

یوں پٹرول کی نئی قیمت 273 روپے 10 پیسے فی لٹر، ڈیزل کی نئی قیمت 274 روپے 08 پیسے فی لٹر، مٹی کے تیل کی نئی قیمت 173 روپے 48 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت 161 روپے 17 پیسے ہوگئی۔ وزارت خزانہ کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا جو 31 مئی کی رات 11 بج کر 59 منٹ تک نافذ العمل رہے گا۔ واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں گزشتہ چند دنوں کے دوران تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی، اسی باعث پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ممکن ہوئی۔
مارکیٹ ذرائع کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 13 روپے تک کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔ جبکہ ذرائع کے مطابق حکومت نے آئی ایم ایف کے مطالبے پر فی الحال پٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی بھی عائد نہیں کیا، اسی باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ممکن ہوئی۔