لاہور: (نیوز ڈیسک ) صوبائی دارالحکومت لاہور کے درجہ حرارت میں روز بروز اضافہ ہونے لگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 24 جبکہ زیادہ سے زیادہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے جبکہ فی الحال شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔
چیف میٹرولوجسٹ شاہد عباس نے کہا ہے کہ شہر میں 11 مئی تک گرمی کی شدت برقرار رہے گی جبکہ اس کے بعد درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے، مئی کے مہینے میں لاہور میں 12 سے 14 مئی تک ہلکی بارش کا امکان ہے۔
شاہد عباس نے مزید کہا کہ مئی کے مہینے میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، اگر ہیٹ ویو آنے کا خدشہ ہوا تو عوام کو دو تین دن پہلے آگاہ کر دیا جائے گا۔
دوسری جانب فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور دنیا میں آج بھی دوسرے نمبر پر براجمان ہے، شہر میں سموگ کی اوسط شرح 237 ریکارڈ کی گئی ہے۔