ایف بی آر کا 5 لاکھ 6 ہزار نان فائلرز کی سمیں بند کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: ( کامرس ڈیسک ) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے 5 لاکھ 6 ہزار سے زائد نان فائلرز افراد کی موبائل سمز بند کرنے کیلئے انکم ٹیکس جنرل آرڈر جاری کر دیا۔ ایف بی آر کے مطابق ادارہ نے 5 لاکھ 6 ہزار سے زائد افراد کی موبائل فون سمز بند کرنے کیلئے نشاندہی کر لی، 5 لاکھ 6 ہزار سے زائد افراد کی آمدن انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کے قابل ہے۔

انکم ٹیکس جنرل آرڈر کے مطابق انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کے قابل ہونے کے باوجود یہ افراد ریٹرن فائل نہیں کر رہے، یہ افراد ایف بی آر ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ میں شامل نہیں ہیں۔

ایف بی آر کے مطابق انکم ٹیکس ریٹرن فائل نہ کرنے والوں کے موبائل فون کنکشنز کسی بھی وقت بند کئے جاسکتے ہیں، ایف بی آر نے بند کنکشنز کی پی ٹی اے سے 15 مئی تک رپورٹ طلب کر لی ہے۔