اگر آنے والے ہفتوں میں عمران خان کو انصاف نہ ملا تو ہم اسمبلیوں میں نہیں بیٹھیں گے۔ سربراہ سنی اتحاد کونسل کا بیان
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے پی ٹی آئی کو ایک بار پھر اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا مشورہ دے دیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری کردہ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کو اسمبلیوں سے استعفیٰ دینے اور عمران خان کو انصاف دلانے کے لیے سڑکوں پر آنے کی ضرورت ہے، اگر آنے والے ہفتوں میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو انصاف نہ ملا تو ہم اسمبلیوں میں نہیں بیٹھیں گے، میں سابق وزیراعظم عمران خان کے لیے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے والا پہلا شخص ہوں گا۔
جبکہ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف سندھ کی جانب سے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی اور چوری شدہ مینڈیٹ کے خلاف کراچی سے سکھر تک ٹرین مارچ کیا گیا، ٹرین مارچ میں پی ٹی آئی مرکزی رہنما برسٹرشعیب شاہین، سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ ، جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ علی پلھ، پی ٹی آئی رہنما جسٹس(ر)نور الحق قریشی، سابق ایم این اے فہیم خان، سابق ایم پی اے جمال صدیقی، پی ٹی آئی رہنما برسٹر علی طاہر، ڈاکٹر مسرور سیال،حاجی نثار آرائین وومن ونگ سندھ کی صدر سرینا عدنان، ارسلان خالد، جان شیر جونیجو، رضوان خانزادہ، امان قاضی، زین کولاچی، ولی مغیری، ایڈووکیٹ دانیا مگسی سمیت دیگر سندھ کے رہنمائوں نے شرکت کی۔
بتایا گیا ہے کہ ٹرین مارچ بذریعہ عوام ایکسپریس نکالا گیا جو کراچی سے ہوتا ہوا لانڈھی اسٹیشن، جنگ شاہی اسٹیشن، کوٹری اسٹیشن، حیدرآباد اسٹیشن، سرہاڑی اسٹیشن، ٹنڈو آدم اسٹیشن، شہدادپور اسٹیشن، دوڑ اسٹیشن، باندھی اسٹیشن، نوابشاہ اسٹیشن ، کوٹ راہو اسٹیشن، پڈعیدن اسٹیشن، محراب اسٹیشن، بھریا اسٹیشن، سیٹھارجہ اسٹیشن، رانی پور اسٹیشن، گمبٹ اسٹیشن، خیرپور اسٹیشن سے ہوتا ہوا روہڑی اسٹیشن پہنچا ، تمام اسٹیشن پر ٹرین مارچ پہنچنے پر پی ٹی آئی رہنمائوں، کارکنوں شہریوں نے والہانہ استقبال کیا اور عمران خان کی رہائی اور چوری شدہ مینڈیٹ کی واپسی کے لئے نعرے بازی کی، ٹرین مارچ کے شرکا نے بینر اور عمران خان کی تصاویر اٹھا کر احتجاج کروایا۔
مختلف ریلوے اسٹیشنز پر خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی مرکزی رہنما شعیب شاہین نے کہاکہ میں پی ٹی آئی سندھ کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ٹرین مارچ عمران خان کی رہائی کے لئے کراچی سے سکھر تک نکالا گیا ہے ہماری پر امن جدوجہد ہے خواہ وہ لانگ مارچ ہو یا ریلیاں عمران خان کی رہائی تک جاری رہے گی، جس طرح سندھ کی عوام نے ٹرین مارچ کا استقبال کر کے ثابت کر دیا کہ سندھ کی عوام بھی عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، بہت جلد سندھ کے عوام کو ڈاکوئوں حکمرانوں سے نجات دلوائیں گے عمران خان جلد باہر ہوں گے اور عوام کو حقیقی آزادی دلوائیں گے۔