حج پرنہ جانے والے افراد کو اخراجات کیلئے بینکوں میں جمع کرائی گئی رقم کٹوتی کے بعد مل سکے گی
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) حکومت کا حج پر نہ جانے والے افراد سے بھی لاکھوں روپے وصول کرنے کا فیصلہ، حج پرنہ جانے والے افراد کو اخراجات کیلئے بینکوں میں جمع کرائی گئی رقم کٹوتی کے بعد مل سکے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے کامیاب درخواست گزار کے حج پر نہ جانے پر اخراجات کی رقم سے 2لاکھ روپے کٹوتی کا فیصلہ کیا ہے ۔
وزارت مذہبی امور کے فیصلے کے تحت حج پر نہ جانے والوں کو اخراجات کیلئے جمع کرائی گئی رقم کٹوتی کے بعد مل سکے گی۔ حج پروازوں کے شیڈول کے اجراء کے بعد نہ جانے والوں کے اخراجات میں کٹوتی ہوگی، کٹوتی کی رقم ایک لاکھ 97 ہزار روپے ہوگی۔ بتایا گیا ہے کہ تمام فضائی کمپنیوں کا حج پروازوں کے اوقات کار’’پاک حج ایپ‘‘پرجاری کردیئے گئے، حج پروازوں کی تفصیلات وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ پر بھی موجود ہیں۔
تاہم ایسے درخواست گزار جو بیمار ہوں، جن کا انتقال ہو چکا ہو یا جن کا نام ای سی ایل اوربلیک لسٹ میں شامل ہو، ان افراد کی رقم میں کٹوتی نہیں ہوگی۔ دوسری جانب پاکستان سے حج پروازوں کے آغاز کی تاریخ کا بھی اعلان کر دیا گیا۔ پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک میں حج بیت اللہ کے انتظامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پاکستان میں وزارت برائے مذہبی امور نے حج آپریشن کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔
وزارت کے اعلامیہ کے مطابق حج فلائیٹ آپریشن 9 مئی سے ملک بھر میں شروع ہوگا اور 9 جون تک بغیر کسی تعطل کے جاری رہے گا۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق حج آپریشن ملک بھر کے 8 ائیرپورٹس پر ہوگا، جن میں اسلام آباد، لاہور، کراچی، ملتان، کوئٹہ، سکھر، سیالکوٹ اور رحیم یار خان کے ائیر پورٹس شامل ہیں۔ پشاور کے عازمین اسلام آباد ائیرپورٹ سے سعودی عرب جائیں گے، جبکہ فیصل آباد کے عازمین لاہور ائیرپورٹ سے سعودی عرب جائیں گے۔
کراچی اور اسلام آباد ائیرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ سروس شروع ہوگی۔ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت جانے والے عازمین کی امیگریشن پاکستان میں ہوگی۔ 4ائیرلائنز اس حج فلائیٹ آپریشن میں حصہ لیں گی۔ عازمین حج کی ویکسینشن کا عمل 30 اپریل سے 10 حاجی کیمپس پرشروع ہوگی۔ سرکاری حج سکیم کے تحت 69 ہزار 5 سو عازمین حج حجاز مقدس جائیں گے۔