اعظم خان اور محمد رضوان کے بعد ایک اور پاکستانی کھلاڑی زخمی ہو گیا

نوجوان جارح مزاج بلے باز انجری کے باعث نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کے بقیہ میچز سے باہر ہو گیا

لاہور ( سپورٹس ڈیسک ) اعظم خان اور محمد رضوان کے بعد ایک اور پاکستانی کھلاڑی زخمی ہو گیا، نوجوان جارح مزاج بلے باز انجری کے باعث نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کے بقیہ میچز سے باہر ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے محمد رضوان اور عرفان خان نیازی کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پی سی بی کے میڈیکل پینل کو محمد رضوان اور محمد عرفان خان کی ریڈیولوجی رپورٹس موصول ہوئی ہیں، اس حوالے سے بتایا گیا کہ رپورٹس کا جائزہ لینے اور پاکستان ٹیم انتظامیہ کی مشاورت کے بعد دونوں کھلاڑیوں کو لاہور میں ہونے والے دونوں میچوں میں آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ دونوں کھلاڑی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پی سی بی میڈیکل پینل کے ساتھ اپنی بحالی پر کام کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان آخری دو ٹی ٹوئنٹی میچز جمعرات اور ہفتے کے روز کھیلے جائیں گے۔ محمد رضوان نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں انجری کا شکار ہوئے تھے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل قومی ٹیم کے نوجوان وکٹ کیپر بلے باز اعظم خان بھی انجری کے سبب نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سے باہر ہو چکے ہیں۔ یاد رہے نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان میں کل سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 5 ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے آخری 2 میچ کھیلے جائیں گے۔
بابر اعظم کی ٹیم پر تیسری ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست کے بعد دباؤ بڑھ رہا ہے کیونکہ مارک چیپ مین کی 42 گیندوں پر 87 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت سیریز 1-1 سے برابر ہے۔ دونوں ٹیموں کے ممکنہ پلیئنگ الیونز کے بارے میں اب بھی قیاس آرائیاں جاری ہیں لیکن جون میں ہونے والے ورلڈ کپ سے قبل دونوں فریقوں کے لیے اپنے امتزاج کو آزمانے اور جانچنے کے لیے مرحلہ تیار ہے۔
تاہم پاکستان کی حتمی پلیئنگ الیون موضوع بنی ہوئی ہے جس میں باقاعدہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان انجری کا شکار ہیں جس کی وجہ سے وہ میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔ فخر زمان محمد رضوان کی جگہ لے سکتے ہیں اور ون ڈاون سلاٹ کو بھر سکتے ہیں جس میں وکٹ کیپر بلے باز نے حال ہی میں خاص طور پر کیویز کے خلاف اس ہوم سیریز میں جدوجہد کی ہے۔ مڈل آرڈر میں شاداب خان اور افتخار احمد ہیں جبکہ پاکستان تین سیمرز اور تین سپنرز کے ساتھ جا سکتا ہے جس کے ساتھ عماد وسیم پاکستان کے لیے واپسی کر رہے ہیں اور الیون میں محمد عامر، شاہین آفریدی، اور عباس آفریدی شامل ہیں۔
لیگ سپنر ابرار احمد ایک اور آپشن ہیں جو لاہور کی کنڈیشنز میں کارآمد ثابت ہو سکتے ہیں جبکہ اسامہ میر کو ہوم کنڈیشنز میں ٹرمپ کارڈ کے طور پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کل شام 7 بجے مین ان گرین کا مقابلہ کیویز سے ہوگا۔ متوقع پلیئنگ الیون میں بابر اعظم (کپتان)، صائم ایوب ،فخر زمان ،عثمان خان (وکٹ کیپر)، افتخار احمد ،شاداب خان ،عماد وسیم ،شاہین شاہ آفریدی ،محمد عامر، ابرار احمد اور عباس آفریدی شامل ہوسکتے ہیں ۔