وزیراعظم کی وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات، مسائل حل کرنے کی یقین دہانی

تاجروں نے وزیراعظم کو بھارت اور بانی پی ٹی آئی سے ہاتھ ملانے کی تجویز بھی دے دی

کراچی: ( نیوز ڈیسک ) وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو تمام مسائل مل بیٹھ کر حل کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔ وزیراعظم کراچی کے ایک روزہ دورہ کے دوران وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچے جہاں صوبائی وزراء نے شہباز شریف کا استقبال کیا اور وزیراعظم کی وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کیساتھ ون ٹو ون ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں وزیر اعلیٰ سندھ کی وزیر اعظم سے سندھ اور وفاقی حکومت کے درمیان ترقیاتی کاموں ودیگر مسائل پر بات چیت ہوئی اور وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم کے ساتھ ڈائریکٹ کٹوتیوں کے بعد فنڈز کی واپسی نہ ہونے پر بھی بات کی۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو تمام مسائل مل بیٹھ کر حل کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ہم مل جل کر عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

مزار قائد پر حاضری
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف آج ایک روزہ دورے پر کابینہ ارکان کے ہمراہ کراچی پہنچے جہاں گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے ان کا استقبال کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ وفاقی وزراء احسن اقبال، محمد اورنگزیب، خالد مقبول صدیقی اور عطاء اللہ تارڑ بھی کراچی پہنچے ہیں۔

بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف نے مزار قائد پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی، انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کیے، اس موقع پر گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

نوجوانوں سے حلف
وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے نوجوانوں سے مزار قائد پر حلف لیا، شہباز شریف نے پاکستان کی خدمت کرنے اور ملک خداداد کی ترقی میں کردار ادا کرنے کا حلف لیا۔

ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق لڑکے اور لڑکیوں نے عہد کیا کہ پاکستان کو صحیح معنوں میں قائد اعظم کا پاکستان بنائیں گے۔

ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق شہباز شریف کو تاجروں نے بھارت سمیت پڑوسی ممالک سے تعلقات بہتر بنانے کی تجویز دیدی۔ عارف حبیب نے وزیراعظم کو تجویز دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے پیپلزپارٹی اور دیگر جماعتوں سے ہاتھ ملایا، میں چاہتا ہوں آپ دو ہاتھ اور ملائیں، ایک ہاتھ بھارت سمیت پڑوسیوں سے ملائیں، دوسرا ہاتھ اڈیالہ جیل کے باسیوں سے ملائیں، عارف حبیب نے کہا کہ آپ نے سٹاک مارکیٹ کو ریکارڈ سطح پر پہنچایا، بجلی کی قیمت میں کمی کریں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عہد کرلیں اگلے 5 سال میں برآمدات کو دوگنا کرنا ہے، ہماری توجہ ایکسپورٹ بڑھانے پر ہونی چاہئے، تاجر آگے بڑھیں، حکومت کا کام انڈسٹری چلانا نہیں، پالیسی بنانا ہے، تاجر پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، تاجروں کی مشاورت سے پالیسی بنائیں گے۔

شہبازشریف نے کہا کہ مشکلات کو چیلنج سمجھ کر ان کا مقابلہ کرنا ہے، پاکستان کے بہتر مفاد میں اکٹھے ہو جائیں، ہمیں کوئی غرض نہیں کس کی حکومت کہاں ہے؟

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ذاتی پسند نہ پسند سے بالاتر ہوکر ملکی مفاد کا سوچنا ہے، مشکلات ضرور ہیں لیکن چیلنجز پر قابو پانا ناممکن نہیں، تاجر برادری کے جائز مطالبات پورے کریں گے، سمگلنگ کے خاتمے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔

شہباز شریف نے تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ یقین دلاتا ہوں اداروں کی نجکاری شفاف انداز میں ہوگی۔

شہباز شریف سے کراچی کی تاجر برادری نے ملاقات کی، مہنگی بجلی سمیت کاروباری مشکلات سے متعلق آگاہ کیا، وزیراعظم نے تاجروں کو یکم مئی کو اسلام آباد بلا لیا۔