گجرات، ہسپتال کی سرجیکل وارڈ کی چھت گرنے سے خاتون جاں بحق متعدد افراد زخمی

ڈی ایچ کیو عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں کنسٹرکشن کا کام جاری تھا،حادثے کے بعد کئی مریضوں کو بیڈ سمیت ہسپتال کے گراوٴنڈ فلور میں شفٹ کردیا گیا

گجرات( نیوز ڈیسک ) گجرات میں ڈی ایچ کیو عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں سرجیکل وارڈ کی چھت گرنے سے خاتون جاں بحق متعدد افراد زخمی ہوگئے،ہسپتال میں کنسٹرکشن کا کام جاری تھا،حادثے کے بعد کئی مریضوں کو بیڈ سمیت ہسپتال کے گراوٴنڈ فلور میں شفٹ کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق گجرات کے ڈی ایچ کیو عزیز بھٹی شہید ہسپتال کے تعمیراتی کام کے دوران اچانک سرجیکل وارڈ کی چھت گرگئی جس کے باعث ایک خاتون نے موقع پر ہی دم توڑ دیا جبکہ حادثے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوگئے ۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی اور لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا ۔سرجیل وارڈ کی چھت گرنے کے بعد شہری اپنے پیاروں کی تلاش کرتے دکھائی دئیے۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ہستپال کے مختلف وارڈز اور آپریشن تھیٹر ز میں تعمیراتی کام جاری ہیں ۔واضح رہے کہ چند ماہ قبل لاہور کے سروسز ہسپتال کا 3 منزلہ بلاک گر گیاتھا۔

بلاک زیر تعمیر اور خالی تھا۔حادثے کے فوری بعدریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں تھیں۔ایم ایس سروسز ہسپتال کا کہنا تھا کہ عینی شاہدین کی مطابق پلازہ میں کام ہو رہا تھا۔زیر تعمیر عمارت میں پہلے آگ لگی، ٹھیکیدار نے مزدوروں کو باہر نکال لیا، آگ لگنے سے دھواں پھیل گیا جس کے بعد عمارت اچانک گرائی گئی تھی۔ایم ایس نے مزید بتایا تھا کہ ٹھیکیدار کے مطابق مزدوروں کی گنتی کی گئی تھی جو پورے تھے۔
واقعات کی تحقیقات کی جائیں گی اور آگ لگنے کا تعین بھی کیا جائے گا۔سروسز ہسپتال کی انتظامیہ کا کہنا تھاکہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کی جانب سے تعمیراتی کام کی غرض سے بلڈنگ کو خالی کروایا گیاتھا۔ مرمت اور بحالی کے لئے سی اینڈ ڈبلیو کے کنٹریکٹر پہلی منزل پر کام کر رہے تھے، بلڈنگ کی مرمت اور بحالی کے دوران حفاظتی تدابیر کا اختیار نہ کیا گیا تھا۔ایکسیئن سی اینڈ ڈبلیو کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی تین منزلہ عمارت کی تعمیر سی اینڈ ڈبلیو بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ نے کی تھی، محکمہ سی اینڈ ڈبلیو نے بلڈنگ گرنے کا ملبہ شارٹ سرکٹ پر ڈال دیا، تیسری منزل پر شارٹ سرکٹ کے سبب دھماکہ ہواتھا۔