ایران کے صدر 3 روزہ دورہ پاکستان پر اسلام آباد پہنچ گئے

نور خان ائیر بیس پر وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین پیرزادہ نے معزز مہمان کا استقبال کیا

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) ایران کے صدر ابراہیم رئیسی پاکستان کے 3 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ نئی منتخب جمہوری حکومت کے بعد سربراہِ مملکت کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے، نور خان ائیر بیس پر وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین پیرزادہ نے معزز مہمان کا استقبال کیا، ایرانی صدر کے ہمراہ ان کی اہلیہ اور اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان پہنچا ہے، ایرانی وفد میں وزیرِ خارجہ، کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ حکام کے علاوہ بڑا تجارتی وفد بھی شامل ہے، ایران اور پاکستانی حکام کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں میں تجارت، رابطے، توانائی اور زراعت سے متعلق امور پر بات چیت کی جائے گی۔
ترجمان فارن آفس نے کہا ہے کہ ملاقاتوں میں عوامی سطح پر رابطوں اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا ایجنڈا بھی شامل ہے، ایرانی صدر کے دورے کے دوران دہشت گردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے لیے دوطرفہ تعاون پر بھی بات چیت ہوگی، ایرانی صدر کا دورہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے ایرانی صدر دورۂ پاکستان کے دوران اسلام آباد، لاہور اور کراچی جائیں گے۔
بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی آج بروز پیر وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کریں گے جہاں ایران اور پاکستان کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت کا دور بھی ہوگا، وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر ایرانی صدر کے اعزاز میں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا، ایرانی صدر اور وزیراعظم شہبازشریف وزیراعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں ارتھ ڈے کی مناسبت سے پودا لگائیں گے۔
وزیراعظم ہاؤس میڈیا ونگ کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماء ایران اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شریک ہوں گے، دونوں رہنما اسلام آباد کی ایک شاہراہ کو ایران ایوینیو کا نام دینے کی تقریب میں بھی شریک ہوں گے، دونوں رہنما ایک ساتھ پریس ٹاک بھی کریں گے، وزیراعظم ایرانی صدر اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیں گے۔