اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) اسلام آباد کے حساس علاقے میں آئل ٹینکر میں اچانک آگ لگ گئی جس پر بعد ازاں قابو پا لیا گیا، انتظامیہ نے واقعے کی انکوائری شروع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق آئل ٹینکر میں آتشزدگی کا واقعہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے بلیو ایریا میں پیش آیا جہاں پٹرول پمپ کے باہر کھڑے آئل ٹینکر میں اچانک آگ لگ گئی۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو کی ٹیموں اور پاک نیوی کے فائر فائٹرز نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا، آگ بجھانے کے عمل میں ایم سی آئی کی سکائی لفٹ نے بھی حصہ لیا۔
دوسری جانب اسلام آباد انتظامیہ نے بلیو ایریا میں آئل ٹینکر کو آگ لگنے کے معاملے کی انکوائری کیلئے 6 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی، اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں قائم انکوائری کمیٹی تحقیقات کرے گی، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈیزاسٹر اسسٹنٹ کمشنر سیکرٹریٹ عبد اللہ خان، سول ڈیفنس سی ڈی اے، منیجر پٹرول پمپ مجسٹریٹ سٹی اور ایس ایچ او کوہسار کو تحقیقاتی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے، کمیٹی آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کرے گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کنٹینر نے دوران سپلائی ایس او پیز کو فالو کیا یا نہیں؟ تحقیقات کی جائیں گی، مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام کیلئے پٹرول پمپس کیلئے سفارشات بھی طے کی جائیں گی، کمیٹی 3 دن میں رپورٹ پیش کرے گی۔