انتطامیہ کی جانب سے ناپ تول میں کمی کے خلاف کل سے سپلائی بند رہے گی، آئل ٹینکرز اونر ایسوسی ایشن کا اعلان
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پٹرول اور ڈیزل کی سپلائی بند کرنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق آئل ٹینکرز اونر ایسوسی ایشن نے آج بروز منگل سے پٹرول اور ڈیزل کی سپلائی بند کرنے کا اعلان کر دیا ۔ ایسوسی ایشن کے مطابق انتطامیہ کی جانب سے ناپ تول میں کمی کے خلاف کل سے سپلائی بند رہے گی، پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل گلگت بلتستان،راولپنڈی، اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں معطل رہے گی، ملک کے تمام ہوائی اڈوں کو بھی پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی معطل رکھی جائے گی، ہمارے مطالبات کی منظوری تک سپلائی کو معطل رکھا جائے گا۔
مزید کہا گیا ہے کہ پی ایس او حکام اور ڈی سی اسلام آباد کو نوٹس بھجوائے کوئی جواب نہیں ملا، میٹررائزڈ سسٹم کے تحت بھرائی کے مطالبے کو فوری پورا کیا جائے، ضلعی انتظامیہ اور حکام نے 20 فروری کے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔
آئل ٹینکرز اونر ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک علامتی احتجاج کے پیش نظر سپلائی معطل رہے گی۔
دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی سطح پر قیمتوں میں تبدیلی اور وفاقی حکومت کی جانب سے ٹیکس میں اضافے کی تیاریوں کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے، ذرائع کا کہان ہے کہ آج سے آئندہ پندرہ روز کے لیے پٹرول کی قیمت میں 8 روپے فی لٹر اضافہ کیا جائے گا جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 298 روپے فی لیٹر تک پہنچ سکتی ہے، اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے فی لٹر اضافہ ہوسکتاہے، علاوہ ازیں حکومت پٹرولیم لیوی کو 60 روپے سے بڑھا کر 100 روپے فی لٹر کرنے پر غور کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے عید سے قبل بھی پٹرول کی قیمت میں بڑا اضافہ کیا گیا جب کہ ڈیزل کی قیمت میں کمی کی گئی تھی، حکومت نے یکم اپریل کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 9 روپے 66 پیسے اضافہ کیا تھا جس کے بعد پیٹرول کی فی لٹر نئی قیمت 289 روپے 41 پیسے مقرر کردی گئی تھی جو کہ پہلے 279 روپے 75 پیسے تھی، اس کے علاوہ ڈیزل کی قیمت میں بھی تبدیلی کرتے ہوئے اس کی قیمت میں 3 روپے 32 پیسے فی لٹر کمی کی گئی۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ ڈیزل کی فی لٹر قیمت میں یکم اپریل سے 3 روپے 22 پیسے کی کمی کی گئی اور نئی قیمت 282 روپے 24 پیسے فی لٹر مقرر کردی گئی تھی جو کہ پہلے 285 روپے 56 پیسے تھی، مٹی کا تیل 2 روپے 27 پیسے فی لٹر سستا کیا گیا، جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 186 روپے 39 پیسے فی لٹر مقرر ہوئی، اس کے علاوہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 38 پیسے فی لٹرکی کمی کی گئی تھی جس کے بعد لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 167 روپے 80 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی تھی۔