17 سالہ اسامہ خان پتنگ اڑاتے بچے کو کرنٹ لگنے پر مدد کو پہنچا، اس دوران دھاتی ڈور نے اس کو لپیٹ میں لے لیا
راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) پتنگ کی ڈور نے پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن پنجاب اسمبلی کے بھتیجے کی جان لے لی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے اعجاز خان جازی کا بھتیجا کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا، 17 سالہ اسامہ خان پتنگ اڑاتے بچے کو کرنٹ لگنے پر اس کی مدد کے لیے پہنچا تھا کہ بچے کو بچاتے ہوئے دھاتی ڈور نے حافظ اسامہ خان کو لپیٹ میں لے لیا، اسامہ خان کو زخمی حالت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال راولپنڈی منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔
بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی میں خونی بسنت کے باعث پتنگ بازی کرتے چھت سے گر کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا جب کہ قاتل ڈور اور ہوائی فائرنگ سے بچوں سمیت 35 سے زائد افراد زخمی ہوئے، پتنگ بازی کے دوران تھانہ صادق آباد میں چھت سے گر کر جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 65 سالہ ممتاز علی کے نام سے ہوئی جب کہ زخمیوں میں 20 سے زائد بچے بھی شامل ہیں، دو زخمی بچوں کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی گئی۔
ہسپتال انتظامیہ نے بتایا اندھی گولی لگنے سے 13سالہ فاطمہ، 10سالہ مجاہد زخمی ہوئے، عبداللہ اور محمد امجد نامی بچے بھی اندھی گوکیاں لگنے سے زخمی ہوئے، کیمیکل ڈور یا قاتل ڈور گردن اور ہاتھ پر پھرنے سے 7سالہ عبداللہ اور ہاتھ کٹنے سے 10سالہ مصطفی زخمی ہوا، راول روڈ پر 14سالہ شہیر اور 13 سالہ عبدالرافع، 22 سالہ رجب، 12 سالہ صفیان، 10 سالہ محمد اسماعیل اور 7 سالہ ہادی ہاتھ پر ڈور پھرنے سے زخمی ہوئے۔
ایس ایس پی آپریشنز کامران اصغر کا کہنا تھا کہ بسنت کے دوران پولیس نے 227 پتنگ بازوں کو گرفتار کیا، بسنت کے دوران ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزمان سے 8 پستول اور بندوقیں برامد کرلیں، پتنگ بازوں سے 14 ہزار 230 پتنگیں برآمد ، بسنت کے دوران 188 مقامات پر کارروائی کرکے پتنگ بازوں کو گرفتار کیا، کارروائی میں 2 مختلف مقامات سے ہیوی ساؤنڈ سسٹم بھی قبضہ میں لیا۔