عید الفطر کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب

اجلاس 9 اپریل کو اسلام آباد میں ہوگا، چئیرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد سربراہی کریں گے

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) عید الفطر کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 9 اپریل کو اسلام آباد میں ہوگا، چئیرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی سربراہی میں اجلاس ہوگا، اجلاس میں شوال کا چاند دیکھنے کی شہادتیں وصول کی جائیں گی، اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی ممبران اور محکمہ موسمیات سپارکو سائنس ٹیکنالوجی حکام شریک ہوں گے، رویت ہلال کمیٹی اجلاس وزارت مذہبی امور میں ہوگا، زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس مقررہ مقامات پر ہوں گے، چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی شوال کا چاند نظر آنے یہ نہ آنے کا اعلان کریں گے۔
ماہرین فلکیات نے کہا ہے کہ اس سال پاکستان 29 روزے ہوں گے اور عید سعودی عرب کے ساتھ ہو گی، ماہر فلکیات جاوید اقبال کے مطابق عید 10 اپریل بدھ کیروز ہوگی، عید کے چاند کی پیدائش 8 اپریل کو ہوگی، چاند رات 11 بج کر 40 منٹ پر پیدا ہوگا اور 8 تاریخ کو سعودی عرب میں 29 واں روزہ ہو گا، پاکستان میں بھی نیا چاند پیدا ہوتے ہی نظر آجائے گا جب کہ 9 اپریل کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی کل عمر 19 سے 20 گھنٹے ہو جائے گی، اس سال پاکستان میں 29 جب کہ سعودی عرب میں پورے 30 روزے ہوں گے، پاکستان اور میڈل ایسٹ میں عید الفطر ایک ہی دن ہو گی۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے عیدالفطر کے موقع پر چار چھٹیوں کا اعلان کر دیا ہے، عیدالفطر کے موقع پر ہفتے میں پانچ روز کام کرنے والے دفاتر میں 10 اپریل بدھ سے لے کر 12 اپریل جمعہ تک عام تعطیلات ہوں گی، ہفتے میں چھ دن کام کرنے والے دفاتر میں 10 اپریل سے 13 اپریل تک چھٹیاں ہوں گی۔