خضدار: ( نیوز ڈیسک ) خضدار میں بم دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ خاتون سمیت 5 شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے خضدار میں نامعلوم دہشتگردوں کی جانب سے تجارتی مرکز عمر فاروق چوک کے قریب موٹر سائیکل میں نصب بم پھٹنے سے زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 2 افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ خواتین سمیت 5 شدید زخمی ہوئے ہیں۔
دھماکے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کو سیل کر کے ناکہ بندی کر دی گئی، لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا جہاں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے، پولیس نے نامعلوم دہشتگردوں کی تلاش شروع کر دی۔
ڈپٹی کمشنر خضدار نے بتایا ہے کہ بم دھماکا تجارتی مرکز عمر فاروق چوک کے قریب ہوا، نامعلوم دہشتگردوں نے بم موٹر سائیکل میں نصب کیا تھا، دھماکے میں ابھی تک 2 افراد جاں بحق، خاتون سمیت 5 افراد زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خضدار میں ہونے والے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم افراد کو نشانہ بنانا غیر انسانی اور بزدلانہ فعل ہے، ایسے لوگوں کو معاف نہیں کیا جائے گا، انسانی جانوں سے کھیلنے والے دہشتگردوں کا ہر جگہ پیچھا کریں گے۔