آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے بھی عید الفطر کی چھٹیوں کا شیڈول جاری کردیا

پرائیویٹ تعلیمی ادارے عید الفطر کے بعد بروز پیر 15 اپریل 2024 سے ریگولر شیڈول کے مطابق کھل جائیں گے

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے بھی عید الفطر کی چھٹیوں کا شیڈول جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے اعلامیہ کے مطابق ملک بھرمیں پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز میں عیدالفطر کی 10 تا 14 اپریل چھٹیاں ہوں گی ۔ پرائیویٹ تعلیمی ادارے عید الفطر کے بعد بروز پیر 15 اپریل 2024 سے ریگولر شیڈول کے مطابق کھل جائیں گے ۔
دوسری جانب وفاقی حکومت، پنجاب حکومت اور خیبرپختونخواہ حکومت نے بھی عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان کر دیا۔ پنجاب حکومت نے عیدالفطر کے موقع پر سرکاری تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ہفتے میں 5 روز کام کرنے والے دفاتر میں 10 سے 12 اپریل تک تعطیلات ہوں گی جبکہ ہفتے میں 6 روز کام کرنے والے دفاتر میں 10 سے 13 اپریل تک چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔
سیکشن آفیسر ویلفیئر صفدر شبیر نے چیف سیکرٹری پنجاب کی منظوری سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ یاد رہے کہ دو روز قبل وفاقی حکومت نے بھی عید الفطر کی چھٹیوں کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق 10 اپریل بروز بدھ تا 13 اپریل بروز ہفتہ تک 4 چھٹیاں ہوں گی۔ جبکہ خیبرپختونخواہ حکومت نے بھی عید کی تعطیلات کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ محکمہ انتظامیہ حکومت خیبر پختونخواہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ہفتے میں 5 روز کام کرنے والے دفاتر میں 10 سے 12 اپریل 2024ء (بدھ سے جمعہ تک) تک چھٹیاں ہوں گی جبکہ ہفتے میں 6 روز کام کرنے والے دفاتر میں 10 سے 13 اپریل 2024 ء تک(بدھ سے ہفتہ تک) تعطیلات ہوں گی۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف بھی عید الفطر کے سلسلے میں 4 تعطیلات کی منظوری دے چکے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عید الفطر کی تعطیلات کے سلسلے میں سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے 10 اپریل سے 13 اپریل تک بند رہیں گے۔ واضح رہے کہ رمضان المبارک کے دوسرے عشرے کا اختتام قریب آنے پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں عید الفطر کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔
عید الفطر کا چاند دیکھنے کےلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کرلیا گیا، اجلاس 9 اپریل کو اسلام آباد میں ہوگا۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق اجلاس کی صدارت چئیرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔ کمیٹی شوال کےچاند کا اعلان ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کو مد نظر رکھ کر کرے گی ۔ اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی کے ارکان، محکمہ موسمیات ، سپارکو اور سائنس ٹیکنالوجی کے حکام شریک ہوں گے۔
رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس وزارت مذہبی امور میں ہوگاجبکہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے متعلقہ مقامات پر ہوں گے۔ چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی شوال کا چاند نظر آنے یا نہ آنے کا اعلان کریں گے۔ جبکہ کروڑوں مسلمان یہ جاننے کیلئے بھی کوشاں ہیں کہ عید الفطر کس تاریخ کو ہو گی۔ ملک بھر میں شوال کا چاند 9 اپریل کو نظر آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات نے عید الفطر کے چاند کے حوالے سے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے چاند کی پیدائش 8 اپریل کو رات 11 بجکر 21 منٹ پر ہوگی اور 9 اپریل کو چاند کی عمر 19 سے 20 گھنٹے ہوجائیگی جبکہ غروب آفتاب کے بعد چاند نظر آنے کا دورانیہ 50 منٹ سے زائد ہوگا۔ ملک کے جنوبی علاقوں سمیت زیادہ تر مقامات پر 9 اپریل کو مطلع صاف رہنے کا امکان ہے جبکہ شمالی علاقوں میں مطلع ابر آلود ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 9 اپریل کو چاند نظر آنے کی صورت میں عیدالفطر 10 اپریل بروز بدھ کو منائی جائے گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیرآزاد بھی سائنسی بنیاد پر رمضان کا چاند 29 کا ہونے کا امکان ظاہر کر چکے ہیں جس کے مطابق پاکستان میں عید الفطر بروز بدھ 10 اپریل کو ہو سکتی ہے۔ مولانا عبدالخبیرآزاد نے سائنسی بنیاد پر عید کا چاند 29 کا ہونے کا امکان ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ سائنسی لحاظ سے چاند کی عمر 20 گھنٹے کے قریب اور زاویہ بھی 10 ڈگری ہوگا۔ اگر شوال کا چاند 29 کا ہوا تو اس کے مطابق پاکستان میں عید الفطر بروز بدھ 10 اپریل کو ہونے کا امکان ہے۔