ایک ہفتے میں دالوں،گوشت، انڈوں سمیت16 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 13 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔ ادارہ شماریات
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح بڑھ کر 29.45 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی، ایک ہفتے میں 16 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، ایک ہفتے میں 13 اشیاء کی قیمتیں کم ہوئیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیئے، جس کے تحت ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.96 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ایک ہفتے میں مہنگائی کی مجموعی شرح 29 اعشاریہ 45 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ مہنگائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے میں سولہ اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ تیرہ اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ بائیس اشیاء قیمتوں میں استحکام رہا۔ رواں ہفتے جن اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ان میں عیدالفطر کے پیش نظر خواتین کے جوتوں کی قیمت میں 12.52 فیصد، مردانہ جوتے 8.70 فیصد، ٹماٹر 11.93 فیصد، پیٹرول 3.45 فیصد، چکن 2.99 فیصد، کپڑے 2.23 فیصد، پیاز 1.30 فیصد، روٹی 1.03 فیصد، بیف 0.75 فیصد، لہسن 0.70 فیصد، مٹن 0.41 فیصد اور باسمتی چاول ٹوٹا کی قیمت 0.14 فیصد بڑھ گئی۔
اسی طرح کیلے کی قیمت میں 3.57 فیصد، آٹا 2.68 فیصد، انڈے 1.89 فیصد، ایل پی جی 1.89 فیصد، ڈیزل 1.18 فیصد، گڑ 0.63 فیصد، چینی 0.41 فیصد، سرسوں کا تیل 0.26 فیصد، دال مسور 0.25 فیصد اور آلو کی قیمت میں 0.23 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب عالمی مالیاتی فنڈز (آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایک ارب 10 کروڑ ڈالر اجرا کی منظوری کے لیے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس رواں ماہ کے آخر میں متوقع ہے۔
میڈیا بریفنگ میں آئی ایم ایف میں کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ جولی کوزیک نے بتایا کہ 19 مارچ کو پاکستانی حکام اور آئی ایم ایف اسٹاف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے پایا۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو ایک اعشاریہ ایک ارب ڈالر تک رسائی ممکن ہوسکے گی۔ ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس اپریل کے آخر میں متوقع ہے، اسٹاف لیول معاہدہ حالیہ اسٹیٹ بینک اور نگران حکومت کے عمل درآمد کے لیے ٹھوس اقدامات کا اعتراف کرتا ہے۔
واضح رہے کہ 19 مارچ کو آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ آخری جائزہ مذاکرات کی کامیابی کا اعلامیہ جاری کردیا تھا جس کے مطابق دونوں فریقین کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے پایا۔اس پیش رفت کے نتیجے میں پاکستان کے لیے قرض کی آخری قسط کی مد میں ایک ارب 10 کروڑ ڈالر جاری ہونے کی راہ ہموار ہوگئی، پاکستان کو 2 اقساط کی مد میں آئی ایم ایف سیایک ارب 90 کروڑ ڈالرز مل چکے ہیں۔آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈکی منظوری کے بعد پاکستان کو آخری قسط جاری کی جائے گی، آخری قسط کے بعد پاکستان کو موصول شدہ رقم بڑھ کر3 ارب ڈالرز ہو جائے گی، آخری قسط ملنے کے ساتھ ہی3 ارب ڈالرکا قلیل مدتی قرض پروگرام مکمل ہوجائے گا۔