ایچی سن کالج میں فیس معافی کے رولز میں ترمیم کر دی گئی

گورنر پنجاب نے بچوں کی پچاس فیصد معافی کی درخواست کی منظوری دیدی،احد چیمہ کی درخواست پراب دیگر بچے بھی فیس پرسہولت لے سکیں گے

لاہور( نیوز ڈیسک ) ایچی سن کالج میں فیس معافی کے رولز میں ترمیم کر دی گئی،گورنر پنجاب نے بچوں کی پچاس فیصد معافی کی درخواست کی منظوری دیدی،احد چیمہ کی درخواست پراب دیگر بچے بھی فیس پرسہولت لے سکیں گے۔تفصیلات کے مطابق ایچی سن کالج میں بچوں کی فیس معافی کے حوالے سے تنازعے کو حل کرتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے فیسوں میں 50فیصد معافی کی منظوری دیدی ہے ۔
وفاقی وزیر احد چیمہ نے گورنر پنجاب کو بچوں کی فیس معافی کے حوالے سے درخواست دی تھی۔احد چیمہ کے بچوں کی فیس معافی پر اختلافات کے باعث ایچی سن کالج کے پرنسپل مائیکل تھامسن نے استعفیٰ دیدیا تھا۔یاد رہے کہ ایچی سن کالج کے پرنسپل مائیکل اے تھامسن نے گورنر پنجاب سے اختلافات کے باعث25مارچ کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیاتھا۔
اپنے خط میں وجہ بیان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چند افراد کی خاطر پالیسیوں میں تباہ کن تبدیلیاں لائی گئیں، سکولوں میں اقرباءپروری اورسیاست کی کوئی گنجائش نہیں، گورنر ہاوٴس کے جانبدارانہ اقدامات کے باعث گورننس کانظام تباہ ہو گیا۔

اس حوالے سے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کہاتھاکہ اگلے ماہ نئے پرنسپل کی تعیناتی ہونے والی تھی۔کالج کے پرنسپل 15000ڈالرماہانہ اورکثیرمراعات بھی لیتے رہے ہیں۔ وہ سالانہ منظورشدہ چھٹیوں سے زیادہ چھٹیوں پررہتے تھے۔گورنرپنجاب سے وفاقی وزیر کے بچوں کے جرمانے معافی سے اختلافات شروع ہوئے تھے۔ وفاقی وزیر کے بیٹے عیسی احد چیمہ اورمصطفی احدچیمہ کی فیس معاف کی گئی تھیں۔
پرنسپل ایچیسن کالج کے فیصلے کے برعکس گورنر پنجاب نے حکم نامہ جاری کیا تھا۔گورنرنے احد چیمہ کے بچوں کا داخلہ خارج کرنے کے پرنسپل کے آرڈرز بھی مسترد کر دئیے تھے۔احدچیمہ نے اسلام آبادشفٹ ہونے پرایچیسن کالج سے بچوں کی طویل رخصت درخواست کی تھی، پرنسپل ایچیسن کالج نے احدچیمہ کے بچوں کی چھٹی کی درخواست پالیسی کے تحت منظور کی تھی۔ پرنسپل نے کالج کی پالیسی کے تحت چھٹی کے دووران کی فیس کی ادائیگی کاحکم دیا تھا۔