کمشنر لاہور کی ہدایت پر کنٹرولر لاہور بورڈ نے معطلی آرڈر جاری کر دئیے،کمشنر لاہور کے اچانک دورے کے دوران نجی سکول میں قائم امتحانی مرکز میں سینٹر پر پرائیویٹ نگراں پائے گئے تھے
لاہور(نیوز ڈیسک) صوبائی دارالحکومت لاہور میںامتحانات میں نقل کیخلاف صوبائی وزیر تعلیم کی ہدایت پر خفیہ چھاپہ مار مہم جاری، نویں جماعت کے سالانہ امتحانات میں نقل کروانے پر امتحانی مرکز کے سپرنٹنڈنٹ کو معطل کر دیاگیا،کمشنر لاہور کی ہدایت پر کنٹرولر لاہور بورڈ نے معطلی آرڈر جاری کر دئیے۔کمشنر لاہور کے اچانک دورے کے دوران نجی سکول کے شادمان میں قائم امتحانی مرکز میں سینٹر پر پرائیویٹ نگراں پائے گئے تھے۔
امتحانی مرکز کے سپرنٹنڈنٹ کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی ہو گی۔دریں اثناءصوبائی وزیرخوراک بلال یسین کی ہدایت پر لوئر مال اسکول کے ایس ایس ای کو بھی معطل کر دیا گیا۔وزیر خوراک کے دورے کے موقع پر سینٹر پر پرائیویٹ نگراں کام کر رہا تھا جبکہ باغبانپورہ ریذیڈنٹ انسپیکٹر کی رپورٹ پر سینٹر کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔
باغبانپورہ سینٹر پر کام کرنے والے دو پرائیویٹ نگرانوں کو بھی شکایات پر گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔یاد رہے کہ صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے میٹرک کے سالانہ امتحانات میں بوٹی مافیا کے خلاف بڑا ایکشن لیتے ہوئے چیئرمین لاہور بورڈ کو معطل اور کنٹرولر امتحانات کو عہدے سے ہٹا دیاتھا۔وزیر تعلیم پنجاب نے گزشتہ 3 روز کے دوران میٹرک ونویں جماعت کے امتحانی سینٹرز پر چھاپے مارے جس کے دوران مختلف سینٹرز پر بوٹی مافیا کا قبضہ دیکھا تھا۔
صوبائی وزیرتعلیم رانا سکندر حیات کی ہدایت پر کمشنر کو چیئرمین لاہور بورڈ کا اضافی چارج بھی دے دیا گیا تھاجبکہ محکمہ تعلیم کی جانب سے نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیاتھا۔صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ شفاف امتحانات ریڈلائن ہیں کوتاہی برداشت نہیں کی جاسکتی، امتحانات میں نقل ناقابل قبول ہے تاہم اگلے مرحلے میں غفلت برتنے والے دیگر عملے کی باری آئے گی۔