پاکستان کی شام میں ایرانی سفارتخانے پر اسرائیلی فضائی حملے کی مذمت

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) پاکستان کی جانب سے شام میں موجود ایرانی سفارتخانے کے قونصلر سیکشن پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کی ترجمان نے مذمتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی سفارت خانے کے قونصلر سیکشن پر اسرائیلی حملہ شام کی خود مختاری کی ناقابل قبول خلاف ورزی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے مزید کہا کہ اسرائیل کا حملہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے بھی خلاف ہے، متاثرین کے اہل خانہ، ایرانی حکومت اور عوام سے تعزیت کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیل نے شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی سفارتخانے کے قونصلر سیکشن پر فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں متعدد سفارتکاروں سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

اسرائیلی فضائی حملے میں ایرانی قونصل خانے اور قریبی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، مرنے والوں میں ایرانی پاسداران انقلاب کے القدس بریگیڈز کے سینئر کمانڈر رضا زاہدی بھی شامل ہیں۔