جڑواں شہروں سمیت لاہور میں آج بھی گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) جڑواں شہروں سمیت لاہور میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی اور صوبائی دارالحکومت لاہور میں گزشتہ روز کی طرف آج بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ مری، گلیات، سوات، چترال، دیر سمیت خیبرپختونخوا میں مختلف مقامات پر آج مزید بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے، لینڈسلائیڈنگ سے شاہراہ نیلم کئی مقامات پر بند ہونے سے مسافر پریشان ہیں۔

محمکہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں رات سے موسلادھار بارش جاری ہے، اپرنیلم، لوات بالا، شاردہ، اڑانگ کیل سمیت دیگر سیاحتی مقامات پر برف پڑنے کا سلسلہ جاری ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد سمیت مختلف شہروں میں خوب بادل برسے، پشاور میں بھی موسلادھار بارش اور ژالہ باری کے باعث سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔