پی آئی اے نے ائیرہوسٹس کو معطل کر دیا،دیگر افراد کو بھی تحقیقات کے بعد پاکستان واپس جانے کی اجازت دیدی گئی، انکوائری رپورٹ کی روشنی میں معطل رکن کو مزید محکمانہ اور قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا،ترجمان پی آئی اے
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) ٹورنٹو ائیرپورٹ پر گرفتار پاکستان ائیر لائن کی فضائی میزبان حنا ثانی کو گرفتاری کے بعد رہا کر دیاگیا،پی آئی اے انتظامیہ نے ائیرہوسٹس کو معطل کر دیا۔ٹورنٹو میںپاکستانی ائیرلائن کی فضائی میزبان سمیت دیگر افراد کو بھی تحقیقات کے بعد پاکستان واپس جانے کی اجازت دیدی گئی جبکہ پی آئی اے انتظامیہ نے حناثانی کو معطل کرتے ہوئے کینیڈین کسٹمز کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق مزید کارروائی کا اعلان کیا ہے۔
اس حوالے سے پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان نے کہا کہ ائرلائن انتظامیہ کینیڈین حکام کے ساتھ رابطے میں ہے اور اس معاملے میں ان کے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈین حکام کی انکوائری رپورٹ کی روشنی میں عملے کے معطل رکن کو مزید محکمانہ اور قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کینیڈین کسٹم حکام کی جانب سے تحقیقات کے بعد رہا کئے جانے والے عملے کی 3 خواتین ارکان ہفتے کو پاکستان واپس آئیں گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز (پی آئی اے) کی لاہور سے کینیڈا جانے والی پرواز کے عملے میں شامل غیر متعلقہ شخص کا پاسپورٹ رکھنے پر ائر ہوسٹس حنا ثانی کو ٹورنٹو ائیرپورٹ پرگرفتارکر لیا گیاتھا۔ٹورنٹو ائیرپورٹ پہنچنے پر کسٹم حکام نے حنا ثانی کو عملے کی دو دیگر ارکان کے ساتھ حراست میں لیا تھا جو ان کے ساتھ پرواز پی کے 789 پر ڈیوٹی پر موجود تھیں۔
حناثانی ٹورنٹو سے لاہورکیلئے پرواز پی کے 789 پر تعینات تھیں۔گرفتار ہونے والی خاتون ائیرہوسٹس سے مبینہ طور پر غیر متعلقہ کے پاسپورٹ برآمد ہوئے تھے۔اسی پرواز سے حنا ثانی کے ہمراہ 7 دیگر فضائی میزبانوں کو بھیجا گیا تھا، جن کو ٹورنٹو کیلئے ائیر لائن نے نو فالئی ڈکلئیر کیا ہوا تھا۔عملے کی خصوصی اجازت ڈی جی ایم فلائیٹ سروسز کی جانب سے دی گئی تھی، جو کہ روٹین سے ہٹ کر تھی۔
یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ دیگر 2 ائیر ہوسٹس سے بھی پوچھ گچھ کی تھی جس کے بعد کینیڈین حکام نے دونوں کو ہوٹل جانے کی اجاز ت دے دی تھی۔ ایئرہوسٹس حنا ثانی کو اس سے پہلے بھی اپنے ہمراہ ممنوعہ اشیاءلانے پر وارننگ دی گئی تھی۔حنا ثانی ائیر ہوسٹس کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ معروف گلوکارہ کی عزیزہ ہیں، جبکہ خود بھی سوشل میڈیا ماڈلنگ کرتی ہیں۔
چند عرصہ قبل قومی ائیر لائن کی فضائی میزبان ٹورنٹو میں لاپتا ہوگئی تھی۔فضائی میزبانوں کے دوران ڈیوٹی بیرون ممالک لاپتا ہونے کا سلسلہ جاری ہے اور اطلاعات کے مطابق حال ہی میں ایک فضائی میزبان جو اسلام آباد سے کینیڈا کی پرواز پر ٹورنٹو گئی تھی وہاں سے لاپتا ہوگئی تھی جبکہ گزشتہ ماہ پی آئی اے کی کریو ممبر مریم رضا کینیڈا لینڈنگ کے بعد غائب ہوگئی تھیں۔