داتا دربار انتظامیہ نے معتکفین کی فہرستیں آویزاں کر دیں

لاہور: (نیوز ڈیسک) رمضان المبارک کا آخری عشرہ داتا دربار کی مسجد میں گزارنے کے خواہش مند معتکفین کی فہرستیں آویزاں کر دی گئیں۔ فہرستوں کے مطابق 21 سو سے زائد افراد رمضان کا آخری عشرہ داتا دربارسے متصل مسجد میں گزاریں گے، 22 سو سے زائد افراد نے درخواستیں جمع کرائی تھیں۔

فہرستوں میں نام آنے پر روزہ دار خوش دکھائی دئیے، ان کا کہنا تھا کہ آخری عشرہ رحمتیں اور برکتیں سمیٹنے کا عشرہ ہے۔

ایڈمنسٹریٹر داتا دربار توقیر وٹو کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے مخیر حضرات کی مدد سے سحری و افطاری کے بھی خصوصی انتظامات کئے ہیں، 103 کیمپ اور چار یونٹ بنائے گئے ہیں۔

اعتکاف کمیٹی کے کنوینئر زبیر چشتی کا کہنا ہے کہ 20 ویں روزے کو بعد نمازِ ظہر معتکفین کی آمد کا سلسلہ شروع ہو جائے گا، اعتکاف میں بیٹھنے والے تمام افراد کو شناختی کارڈ جاری کئے جائیں گے۔