گیس بھرنے کے بعد دھماکہ ہوا اور کان بیٹھ گئی ،واقعہ میں ایک ہی خاندان کے تین افراد بھی جاںبحق ہوئے جن کا تعلق سوات سے تھا،ڈپٹی کمشنرجاوید اللہ محسود
پشاور(نیوز ڈیسک) وسطی کرم میں کوئلے کی کان میں گیس بھرنے سے 4مزدور جاں بحق ہوگئے،ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود نے وسطی کرم کے دور دراز علاقہ ڈنڈ خوئیدادخیل میں کوئلے کی کان میں گیس بھرنے سے دھماکا ہوا اور کان بیٹھ گئی جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے تین افرادجن میں حکیم زادہ، بیٹا دانش خان اور بھائی شرین زادہ سمیت شاہ رخ خان جاں بحق ہوگئے جن کا تعلق سوات سے تھا۔
مقامی قبائل اور کان کے قریب مزدوروں نے کارروائی کرکے لاشوں کو نکال لیا۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ واقعے کے حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔یاد رہے کہ چند روز قبل بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں زردآلو میں کوئلے کی کان میں گیس بھر جانے سے زوردار دھماکے کے بعد کان دھنسنے سے 20 کان کن پھنس گئے تھے جن میں سے بارہ افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
چیف مائنز انسپکٹر کے مطابق ریسکیو آپریشن کے دوران 12 کان کنوں کی لاشیں نکال لی گئی تھیں جبکہ کوئلہ کان سے 8 کان کنوں کو زندہ نکالا گیا تھا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے فوری طور پر واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کی تھی، ساتھ ہی ریسکیو آپریشن تیز کرنے کی بھی ہدایات جاری کی تھیں۔چیف مائنز انسپکٹر کا کہنا تھا کہ کوئلہ کان کوآپریشن مکمل ہونے کے بعدسیل کردیاگیا تھا۔ہرنائی میں کان حادثے پر وزیراعظم شہباز شریف نے بھی کوئلہ کان میں قیمتی جانوں کے نقصان پردکھ کااظہار کرتے ہوئے کان کنوں کی ریسکیو کی کوششوں کوتیزکرنے کی ہدایت کی تھی۔وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس طرح کے واقعات انتہائی تکلیف دہ اور افسوس ناک ہیں، غم کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں،حکومت زخمیوں اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن ریلیف دے گی۔