ای سی سی کے دیگر ارکان میں تجارت، توانائی، پٹرولیم، قتصادی امور اور منصوبہ بندی کے وفاقی وزراء شامل ہوں گے
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وزیراعظم شہباز شریف نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کی تشکیل نو کر دی، جس کی سربراہی وزیر خزانہ کو سونپ دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اقتصادی رابطہ کمیٹی کی تشکیل نو کی ہے، جس کے تحت وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو ای سی سی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، اس حوالے سے نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ وزیر خزانہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے، ای سی سی کے دیگر ارکان میں تجارت، توانائی اور پٹرولیم کے وفاقی وزرا شامل ہوں گے، اس کے علاوہ اقتصادی امور اور منصوبہ بندی کے وفاقی وزرا بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ قبل ازیں وزیر اعظم شہاز شریف نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے اہم ترین اختیارات انتہائی محدود کردیئے تھے، مسلم لیگ ن میں وزیر خزانہ کو اہم ترین کمیٹیوں کی سربراہی دینے پر تحفظات کے باعث فیصلہ کیا گیا، وزیر اعظم نے 5 اہم ترین کابینہ کمیٹیوں میں سے صرف ایک کمیٹی کی سربراہی وزیر خزانہ کو دی تھی۔
بتایا گیا کہ اہم ن لیگی شخصیت کی ہدایت پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو معاشی امور کی ذمہ داریاں جاری رکھنے کا ٹاسک دیا گیا، وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو غیر معمولی طور پر کابینہ کی نجکاری کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا گیا، کابینہ کمیٹی برائے توانائی کی سربراہی وزیر خزانہ کو دینے کی بجائے وزیر اعظم نے خود رکھ لی۔ کہا گیا تھا کہ وزیر اعظم اقتصادی امور کی کمیٹی کی سربراہی بھی خود کریں گے، وزیر خزانہ کو صرف کابینہ کی ریاستی انٹرپرائزز کمیٹی کا سربراہ بنایا گیا ہے، مسلم لیگ ن کی اہم شخصیت اور وزیر اعظم اہم ترین معاشی فیصلوں کے معاملات اپنے کنٹرول میں رکھنا چاہتے ہیں۔