نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان جلد کر دیا جائے گا، نئی سلیکشن کمیٹی قومی کرکٹ ٹیم کے انتخاب کے لیے میرٹ پر آزادانہ فیصلے کرے گی جو سب کے سامنے ہوں گے۔ ترجمان پی سی بی
لاہور ( نیوز ڈیسک ) پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سلیکشن کمیٹی کو تحلیل کر دیا گیا۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان جلد کر دیا جائے گا، نئی سلیکشن کمیٹی قومی کرکٹ ٹیم کے انتخاب کے لیے میرٹ پر آزادانہ فیصلے کرے گی جو سب کے سامنے ہوں گے۔ ترجمان کرکٹ بورڈ نے بتایا ہے کہ موجودہ کمیٹی میں سابق کرکٹر وہاب ریاض بطور چیف سلیکٹر کام کررہے تھے، سلیکشن کمیٹی کے دیگر ممبران میں توصیف احمد، وجاہت اللہ واسطی اور وسیم حیدر شامل تھے، علاوہ ازیں سابق کرکٹر کامران اکمل، راؤ افتخار انجم بطور کنسلٹنٹ سیلیکشن کمیٹی کا حصہ تھے۔
بتایا جارہا ہے کہ سابق ٹیسٹ آل راؤنڈر عبدالرزاق پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کا حصہ بن گئے جس کا اعلان جلد متوقع ہے، چیف سلیکٹر وہاب ریاض کی کال پر عبدالرزاق نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کی، اس موقع پر انہیں کرکٹ کی بہتری میں معاونت کی پیشکش کی گئی جو انہوں نے قبول کرلی جب کہ کرکٹ بورڈ حکام دیگر سابق کرکٹرز کے ساتھ بھی رابطے کرکے کام کرنے پر قائل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
علاوہ ازیں عبدالرزاق نے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر سے بھی تبادلہ خیال کیا، وہ سلیکشن کمیٹی میں شامل ہونے کے ساتھ نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی میں نکھار لانے کیلیے بھی اپنے تجربے کا استعمال کریں گے، عبدالرازق کے قریبی حلقوں نے ان کی پی سی بی کے ساتھ وابستگی کی تصدیق کی ہے۔