پی ٹی آئی کورکمیٹی نے دھاندلی کے خلاف تحریک چلانے کی باضابطہ منظوری دے دی

پی ٹی آئی30 مارچ کو اسلام آباد میں پہلا جلسہ کرے گی، 21 اپریل کو کراچی میں بڑی ریلی نکالی جائے گی، ریلی میں شرکت کیلئے ہم خیال جماعتوں سے رابطہ کیا جائے گا۔ اعلامیہ پی ٹی آئی کورکمیٹی

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پی ٹی آئی کورکمیٹی نے دھاندلی کے خلاف تحریک چلانے کی باضابطہ منظوری دے دی ، پی ٹی آئی 30 مارچ کو اسلام آباد میں پہلا جلسہ کرے گی، 21 اپریل کو کراچی میں بڑی ریلی نکالی جائے گی، ریلی میں شرکت کیلئے ہم خیال جماعتوں سے رابطہ کیا جائے گا۔ ایکس پر جاری پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کا بھرپور مِلّی جذبے سے یوم پاکستان منانے کا فیصلہ کیا ہے، یومِ پاکستان کے حوالے سے کل سہ پہر اسلام آباد میں تقریب کے انعقاد کی منظوری دی گئی۔
پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس میں دھاندلی اور ملک میں دستور سے انحراف کیخلاف 30 مارچ کو اسلام آباد میں جلسے کے انعقاد کی بھی منظوری دی گئی۔
اسی طرح 21 اپریل کو کراچی میں بڑی عوامی ریلی کے انعقاد کی بھی باضابطہ منظوری دی گئی۔ پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس میں ملکی معیشت، آئی ایم ایف سے نئے معاشی پیکیج اور اس کے عوام پر اثرات پر 25 مارچ کو اسلام آباد میں خصوصی پریس کانفرنس کی بھی منظوری دی گئی۔

پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس میں بانی چیئرمین عمران خان کے خلاف مقدمات پر اب تک کی عدالتی کارروائی اور ان کی بریّت کے امکانات پر مفصل بریفنگ دی گئی۔ متعدد مقدمات میں بانی چیئرمین کی بریّت تازہ ہوا کا جھونکا قرار دیتے ہوئے عدلیہ سے عمران خان کی سزاؤں کیخلاف اپیلوں اور مقدمات کے میرٹ پر جلد فیصلوں کے اعلانات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
سینٹ انتخابات کی تیاریوں کے باب میں سینئر مرکزی رہنما سردار لطیف خان کھوسہ کی رہائشگاہ پر پنجاب کے اراکین اسمبلی کے کل کے اجتماع کی توثیق کی گئی۔ کورکمیٹی کی جانب سے امریکی انڈرسیکرٹری آف سٹیٹس ڈونلڈ لو کی کانگرس کمیٹی میں پیشی اور دیے گئے بیان کے مندرجات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کورکمیٹی کی جانب سے امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر اسد مجید کی جانب سے ڈونلڈ لو کے بیان پر تازہ ردعمل حقائق کے تعین کیلئے اہم قرار دیا۔ انتخابات میں بدترین دھاندلی اور عوامی مینڈیٹ پر کھلے ڈاکے کی جامع تحقیقات کے مطالبے کا بھی اعادہ کیا۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات کو پی ٹی آئی کورکمیٹی کے فیصلوں کی تشہیرو اشاعت کے واحد مجاز قرار دیا گیا۔