یوم پاکستان پر مسلح افواج کی مرکزی پریڈ، صدر، وزیراعظم،عسکری قیادت شریک

وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی،صدر نے پریڈ کا معائنہ کیا،لڑاکا طیاروں کا شاندار فلائی پاسٹ،جنگی ہتھیاروں کی نمائش کی گئی

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) ملک بھر میں آج یوم پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ تمام صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔یوم پاکستان کی مرکزی تقریب شکر پڑیاں پریڈ گراوٴنڈ میں جاری ہے، جہاں مسلح افواج کے دستے اپنی بھرپور طاقت اور نظم کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
افواج پاکستان کی پریڈ کے مہمان خصوصی صدرآصف علی زرداری ہیں جبکہ سعودی عرب کے وزیر دفاع سمیت غیر ملکی مہمان بھی شریک ہیں۔یوم پاکستان پریڈ میں جنگی ہتھیاروں کی نمائش کے ساتھ ساتھ پاکستان ائیرفورس کے جدید ترین طیاروں نے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا فوجی دستوں نے مارچ پاسٹ کرتے ہوئے سلامی پیش کی، مسلح افواج کی پریڈ دیکھنے کیلئے عوام کی بڑی تعداد بھی شکر پڑیاں گراوٴنڈ میں موجود ہے۔
چین اور دوست ملک آذربائیجان کے فوجی دستے بھی پریڈ میں شامل ہیں۔صبح سویرے اسلام آباد کے شکرپڑیاں پریڈ گراوٴنڈ میں پاکستان رینجرز کے دستوں نے رینجرز ایگزی بیشن ڈرل کا شاندار مظاہرہ کیا، ڈرل کے دوران رینجرز کے دستوں نے ذہنی وجسمانی صلاحیتوں کو شاندار انداز میں شرکاءکے سامنے پیش کیاگیا۔آرمی سکول آف میوزک کے دستے نے بھی سولو ڈرم کا مظاہرہ کر کے دیکھنے والوں پر سحرطاری کر دیا۔
پاک فضائیہ کے جدید طیارے جے ایف 17، ایف سولہ اور میراج طیارے نے فضائی مظاہرہ کیا۔صدر مملکت نے پریڈ کا معائنہ کیا اور تقریب سے خطاب کیا، پریڈ میں صوبوں کا خصوصی ثقافتی شو بھی جاری ہے اور فلوٹ مظاہرہ کر رہے ہیں جبکہ دفاع کے شعبہ میں پاکستان کی ترقی اور جدید اسلحہ کی نمائش کی جا رہی ہے۔مسلح افواج کے لڑاکا طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ کیا، فلائی پاسٹ میں میراج لڑاکا طیارے، پاکستان کی پہچان جے ایف 17 تھنڈر شامل تھے، فلائی پاسٹ میں ونگ کمانڈر حسن صدیقی کی قیادت میں ایف 16 لڑاکا طیاروں نے شاندار مظاہرہ کیا۔
فلائی پاسٹ میں ایف 7 پی جی چیتا اور جے 10 سی، پاک فضائیہ کے ٹرانسپورٹ طیارے سی ون تھرٹی، جدید ترین جاسوسی نظام سے لیس طیاروں، پاک بحریہ کے اینٹی سب میرین لڑاکا طیاروں، پاک بحریہ کے اینٹی سب میرین لڑاکا طیاروں نے شاندار مظاہرہ پیش کیا۔