صارفین پر40ارب کا اضافی بوجھ پڑنے کا امکان،سینٹرل پاورپرچیزنگ ایجنسی نے بجلی مہنگی کرنے کی درخواست جمع کروا ئی ہے،نیپرا درخواست پر 28 مارچ کو سماعت کرے گا
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) سینٹرل پاورپرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بجلی5روپے مہنگی کرنے کی درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں جمع کرادی،صارفین پر مزید 40 ارب کا اضافی بوجھ پڑنے کا امکان،نیپرا بجلی مہنگی کرنے کی درخواست پر 28 مارچ کو سماعت کرے گا۔سینٹرل پاورپرچیزنگ ایجنسی نے اضافہ فروری کے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مانگا ہے۔
سی پی پی اے درخواست میں کہا گیا ہے کہ فروری میں 6 ارب 87 کروڑ 60 لاکھ یونٹ بجلی فروخت ہوئی۔ سی پی پی اے نے بتایا کہ فروری میں پانی سے 24.77 فیصد بجلی پیدا کی گئی، مقامی گیس سے 11.04 اور درآمدی ایل این جی سے 20.33 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ اور مقامی کوئلے سے 13.94 فیصد، درآمدی کوئلے سے 1.89 فیصد بجلی پیدا کی گئی جبکہ فروری میں جوہری ایندھن سے 23.29 فیصد بجلی پیداکی گئی۔
درخواست منظور ہونے پر صارفین پر 40 ارب روپے سے زائد بوجھ پڑے گا اور اس اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔یاد رہے گزشتہ مہینے بجلی مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت کے دوران نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین نیپرا وسیم مختار کا کہنا تھاکہ بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست پر تشویش ہے۔ عوام اور ضمیر کو جواب دیناہے ۔
چیئرمین نیپرا نے جنوری کی بھاری فیول ایڈجسٹمنٹ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا تھاکہ پاور سیکٹر میں صارفین کی کوئی آواز نہیں ہے، جب7 روپے 13 پیسے کی درخواست آئی تو حیران تھا۔س وقت جو ہیجانی کیفیت پیدا کی گئی یہ آسان نہیں۔ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت تو اب بجلی مہنگی ہونی نہیں چاہیے تھی، آپ ڈالر ایکسچینج ریٹ دیکھ لیں اورفیول کی قیمتیں دیکھ لیں، اتھارٹی کو بھی کو محفوط راستہ دیں، اب تو ہم تھک چکے۔چیئرمین نیپرا کا مزید کہنا تھا کہ پاور سیکٹر میں احتساب کا کوئی میکنزم ہونا چاہیے۔ نیپرا سیکشن 27 کے تحت سارے معاملات کی تحقیقات کرے گا۔