اسلام آباد پولیس نے سینکڑوں سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کروا دیئے

بند ہونے والے اکاونٹس میں 65 مذہبی، 47 ملک کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے اور 350 اکاونٹس دہشت گردی مواد پھیلانے میں ملوث تھے۔ ترجمان وفاقی دارالحکومت پولیس

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پولیس نے سینکڑوں سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کروا دیئے۔ ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ انسداد انتہاء پسندی یونٹ کی کارروائی کے نتیجے میں سوشل میڈیا پر مذہبی، مسلکی، لسانی منافرت پھیلانے والے 462 اکاونٹس بند کروا دئیے گئے، بند ہونے والے اکاونٹس میں 65 مذہبی، 47 ملک کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے اور 350 اکاونٹس دہشت گردی مواد پھیلانے میں ملوث تھے۔
اپنے ایک بیان میں ترجمان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے منفی سرگرمیوں میں ملوث 1 ہزار 522 اکاؤنٹس کی نشاندہی کی ہے، ان اکاونٹس کی بندش کے لئے ایف آئی اے کو خط لکھا گیا، باقی 1060 اکاونٹس کو بھی جلد بند کردیا جائے گا، انتہا پسندی کی روک تھام سے دہشت گردی کے تدارک اور شہر کی سکیورٹی کو موثر بنانے میں مدد مل رہی ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کی جانب سے عوام الناس سے گزارش کی گئی ہے کہ سوشل میڈیا پر ایسی منفی سرگرمیوں سے دور رہیں، بصورت دیگر ایسی منفی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی، شہری ایسی کسی بھی سرگرمی کے متعلق پکار 15 یا آئی سی ٹی 15 ایپ پر اطلاع دیں۔

علاوہ ازیں ترجمان پولیس نے کچھ مزید تفصیلات بھی فراہم کیں جن سے معلوم ہوا کہ ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد کی زیر نگرانی رواں سال 2024 میں منشیات کے خلاف بھرپور جاری کارروائیوں کے دوران 80 کلوگرام ہیروئن، 3.4 کلوگرام آئس اور 78 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، اس سلسلے میں تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کے تعاون سے انسداد منشیات کیلئے کارروائیاں جاری ہیں، آپریشنز ڈویژن کے انسداد منشیات تفتیشی یونٹ نے سال 2024 میں بھرپور اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
بتایا جارہا ہے کہ سال 2024 میں منشیات فروشوں کی گرفتاریوں کی شرح 2023 کے مقابلے میں 46 فیصد زیادہ رہی، سال 2023 کے مقابلے میں 2024 میں چرس 13 فیصد، ہیروئن 84 فیصد، آئس 98 فیصد زیادہ قبضہ میں لی گئی، 2024 میں 78 کلوگرام چرس جب کہ 2023 میں 68 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، 2024 میں ہیروئن 80 کلوگرام جب کہ 2023 میں 12.8 کلوگرام برآمد ہوئی، اس دوران آئس 3.4 کلوگرام جب کہ 2023 میں اسی عرصہ میں 700 گرام آئس برآمد ہوئی۔