بجلی چوروں کو پکڑنے کا منصوبہ بنا لیا ہے اور وزیراعظم کو یہ منصوبہ پیش کردیا گیا ہے، مصدق ملک
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وفاقی حکومت نے بجلی چوروں کو پکڑنے کا منصوبہ بنالیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر پیٹرولیم و توانائی سینیٹر مصدق ملک نے بجلی چوروں کو پکڑنے کے منصوبے کا انکشاف کیا ہے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے وفاقی وزیر پٹرولیم و توانائی نے کہا کہ بجلی چوروں کو پکڑنے کا منصوبہ بنا لیا ہے اور وزیراعظم کو یہ منصوبہ پیش کردیا گیا ہے، منصوبے پر عمل درآمد شروع ہوگیاہے۔
دوسری جانب ایک رپورٹ کے مطابق سال 23-2022 میں بھی بجلی کی چوری رکی نہ ہی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی میں بہتری آ سکی۔دستاویزات کے مطابق ایک سال کے دوران لائن لاسز کی مد میں پاور ڈویژن کو 166 ارب 36 کروڑ روپے کا مزید نقصان اٹھانا پڑا۔پشاور اور لاہور سب سے زیادہ نقصان اٹھانے والی پاور کمپنیاں بن گئیں۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ لائن لاسز کی وجہ سے 5 ارب 52 کروڑ بجلی یونٹس ضائع ہوگئے، ضائع شدہ یونٹس کے باعث 166 ارب 36 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔
سب سے زیادہ لاسز پیسکو کے رہے جس کی مد میں 77 ارب روپے کا نقصان ہوا، لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی 23 ارب روپے، کیسکو کا 22 ارب روپے نقصان ہوا۔دستاویزات کے مطابق سیپکو کو 21 ارب جبکہ حیسکو کو 14 ارب اور کے الیکٹرک کو 2 ارب روپے کا جھٹکا لگا۔