11 مارچ بروز پیر کی شام کو مطلع صاف ہونے کی صورت میں ہلال کی رویت باآسانی ممکن ہو گی، رویت ہلال کمیٹی ریسرچ کونسل
کراچی (نیوز ڈیسک) رمضان المبارک کا پہلا روزہ منگل 12مارچ کو ہونے کا امکان، 11 مارچ بروز پیر کی شام کو مطلع صاف ہونے کی صورت میں ہلال کی رویت باآسانی ممکن ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے کہا ہے کہ رواں سال رمضان المبارک کا پہلا روزہ منگل 12مارچ کو ہونے کا امکان ہے۔رویت ہلال کمیٹی ریسرچ کونسل کے جنرل سیکریٹری مفتی خالد اعجاز نے جمعرات کو جاری بیان میں کہا کہ 11مارچ بروز پیر کی شام کو مطلع صاف ہونے کی صورت میں ہلال کی رویت باآسانی ممکن ہے لہٰذا امکان ہے کہ پہلا روزہ منگل 12مارچ 2024 کو ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ 10 مارچ بروز اتوار کی شام دنیا کے کسی بھی اسلامی ملک میں ہلال کی رویت ممکن نہیں ہے۔مفتی خالد نے کہا کہ نیا چاند 10 مارچ کو پاکستانی وقت کے مطابق بعد دوپہر 2 بجے پیدا ہو گا اور رویتِ ہلال کے لیے چاند کی عمر 19 گھنٹوں سے زائد ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ29 شعبان المعظم یعنی پیر 11 مارچ کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 28 گھنٹوں سے زائد ہو گی۔
چاند کی رویت کے حوالے سے مزید تفصیل بتاتے ہوئے جنرل سیکریٹری نے کہا کہ چاند کی رویت کے لیے غروبِ آفتاب اور غروبِ قمر کے درمیان فرق کم از کم 40 منٹ ہونا چاہیے اور کراچی میں یہ فرق 73منٹ، جیوانی میں 74 منٹ، لاہور اور کوئٹہ میں 76 منٹ، اسلام آباد میں 77 منٹ، پشاور، چارسدہ اور مظفر آباد میں 78 منٹ جبکہ گلگت میں 79 منٹ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے جن علاقوں میں بھی مطلع صاف ہوا، وہاں ہلال کی رویت باآسانی ممکن ہو گی لہذا امید ہے منگل 12 مارچ سے رمضان المبارک کا آغاز ہو گا۔
دوسری جانب ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر کے مسلمان مارچ میں رمضان المبارک کا استقبال کریں گے، یوں رواں سال رمضان المبارک 26 سال کے بعد سردیوں میں آرہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ 2024 سے رمضان المبارک سردیوں میں آتا رہے گا تاہم ابتدائی دو سال تک رمضان کا آخری حصہ موسم بہار میں ہوگا۔ ’اس کے بعد 2031 تک رمضان المبارک موسم سرما میں ہوگا اورپھر 8 سال تک یعنی 2039 تک موسم خزاں میں آئے گا۔ جبکہ واضح رہے کہ ماہرین فلکیات کے مطابق اگرچہ رمضان المبارک کا چاند 10 مارچ کو پیدا ہو گا لیکن اس روز یہ نظر نہیں آئے گا ، چاند کو 11 مارچ کو واضح طور پر دیکھا جاسکے گا۔ پاکستان میں پہلی تراویح 11 مارچ کی رات کو ہو گی کیونکہ 95 فیصد امکان ہے کہ پہلا روزہ 12 مارچ بروز منگل کو ہو گا۔