ملکی ڈالرز ذخائر میں نمایاں کمی

سرکاری زرمبادلہ ذخائر 8 ارب ڈالرز کی سطح سے نیچے آ گئے

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ملکی ڈالرز ذخائر میں نمایاں کمی، سرکاری زرمبادلہ ذخائر 8 ارب ڈالرز کی سطح سے نیچے آ گئے۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں گزشتہ ہفتے کے دوران 5 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کمی ہوئی اور مجموعی سطح پر 13 ارب 2 کروڑ ڈالر پر آگئی ہے۔ مرکزی بینک کی جانب سے جاری زرمبادلہ کے ذخائر کی ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا کہ یکم مارچ کو کاروباری ہفتے کے اختتام پر زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر میں 5 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
اعداد وشمار میں بتایا گیا کہ سرکاری ذخائر 7 ارب 89 کروڑ 58 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے ہیں جبکہ زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کی مالیت 13 ارب 2 کروڑ ڈالر رہ گئے ہیں۔ اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ اس وقت کمرشل بینکوں کے پاس 5 ارب 12 کروڑ 43 لاکھ ڈالر کے ذخائر موجود ہیں۔
اس سے قبل 23 فروری کو ختم ہونے والے ہفتے کے بعد اسٹیٹ بینک نے بتایا تھا کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں 6 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی کمی آئی ہے اور قومی ذخائر کا مجموعی حجم 13 ارب 3 کروڑ 85 لاکھ ڈالر ہے۔

دوسری جانب انٹربینک میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ اروباری ہفتے کے چوتھے روز انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قدر میں 7 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے ساتھ انٹربینک میں ڈالر 279 روپے 28 پیسے پر بند ہوا ہے۔ جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر بغیر کسی تبدیلی کے 282 روپے 30 پیسے پر فروخت ہوتا رہا۔