راولپنڈی: (نیوز ڈیسک) انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ آپریشنز میں 2 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ضلع خیبر میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے نتیجے میں دہشت گردوں کا سرغنہ شمروز عرف شینے مارا گیا۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک اور کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گرد منصور کو ہلاک کر دیا گیا، مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھے، علاقے میں دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقہ مکینوں نے کارروائی کو سراہا اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بھرپور تعاون کا اظہار کیا ہے۔