اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرائیں گے،عمر ایوب

میرا شہبازشریف سے سوال ہے کہاں ہے آپ کا رول آف لاءکہاں ہے،ہم الیکشن میں دھاندلی کے خلاف گرینڈ الائنس بنانے جا رہے ہیں،اسد قیصر،میڈیا سے گفتگو

راولپنڈی(نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءاور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرائیں گے،آج عدالتی حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔اڈیالہ جیل کے باہر اسد قیصر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میرے ساتھ ایم این ایز حضرات موجود ہیں، شہبازشریف نے فلور آف دی ہاوٴس پر رول آف لاءکی بات کی تھی، میرا شہبازشریف سے سوال ہے کہاں ہے آپ کا رول آف لاءکہاں ہے۔
جہاں قانون کی بالادستی نہیں ہوگی وہ ملک نہیں چل سکتا ہے، ہم قانون کے مطابق جیل سپرنٹنڈنٹ کو اسمبلی فلور پر بلائیں گے۔ عمر ایوب نے کہا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے مجھے اپوزیشن لیڈر نامزد کیا ہے، آج ہم عدالتی حکم کے ساتھ اپنے لیڈر سے ملاقات کرنے آئے، ہمیں جیل سپرنٹنڈنٹ اسد وڑائچ نے ملاقات نہیں کرنے دی گئی ہے۔
اس موقع پر اسد قیصر کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ ملک بھیڑ بکریوں کی طرح نہیں چل سکتایہاں عدالتی احکامات کی پرواہ ہی نہیں کی جاتی ۔

ہم اسکی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہے, جہاں پر قانون کی حکمرانی آئین کی بالادستی نہیں ہوگی وہ ملک نہیں چل سکتا۔ہم الیکشن میں دھاندلی کے خلاف گرینڈ الائنس بنانے جا رہے ہیں اور فارم 45 کے مطابق جو ہمارے لوگ الیکشن جیت چکے ہیں انہں پارلیمانی اجلاس میں بلائیں گے کیونکہ عوام نے انہیں مینڈیٹ دیا ہے، یہ ملک بھیڑ بکریوں کی طرح نہیں چل سکتا۔
دھاندلی کے خلاف فارم 47 سے فائدہ اٹھانے والی سیاسی جماعتوں کے سوا تمام جماعتوں کا گرینڈ الائنس بنائیں گے اور جب تک ان جعلی فارم 47 والوں کو اسمبلی سے باہر نہیں نکال دیتے سکون سے نہیں بیٹھیں گے۔ اسد قیصر نے کہا کہ یہ لوگ مفاہمت کی بات کرتے ہیں، کس قسم کی مفاہمت، جب آپ کے ہمارا مینڈیٹ چوری کیا ہے۔ ان کو عوام نے منتخب ہی نہیں کیا اور ان کے پاس یہ اختیار ہی نہیں کہ یہ وزیراعظم بنے اور کابینہ تشکیل دیں۔