سینیٹ انتخابات میں تاخیر: چیئرمین سینیٹ کا منصب سپیکر پیٹرن میں تبدیل کرنے کی سفارش

اسلام آباد :(نیوز ڈیسک) سینیٹ انتخابات میں تاخیر سے نیا آئینی بحران جنم لینے لگا، سینیٹ سیکرٹریٹ نے چیئرمین سینیٹ کا منصب سپیکر پیٹرن میں تبدیل کرنے کی سفارش کردی۔ سینیٹ میں پارلیمانی جماعتوں کے سربراہان کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں سربراہان کی جانب سے سینیٹ کو غیر فعال ہونے سے بچانے سے متعلق حکمت عملی پر غور بھی کیا گیا۔

سینیٹ سیکرٹریٹ کی رولز میں ترمیم کرکے چیئرمین سینیٹ کو اگلے چیئرمین کے انتخاب تک توسیع کی تجویز بھی دی گئی ہے، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین 11مارچ کو ریٹائر ہوجائیں گے، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی ریٹائرمنٹ سے سینیٹ غیر فعال ہوجائےگا۔

سیکرٹریٹ کی بریفنگ میں بتایا گیا کہ سینیٹ الیکشن تین اپریل کو متوقع ہیں جبکہ ضمنی الیکشن 14 مارچ کو ہوں گے،پارلیمانی لیڈرز 3 اپریل سے قبل سینیٹ کا اجلاس منعقد نہیں ہوسکے گا۔

بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ 14مارچ کو منتخب سینیٹرز کا حلف بھی ایک ماہ تاخیر سے ہوگا، چیئرمین وڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی ریٹائر منٹ سے سیکرٹریٹ کی ورکنگ عملی طورمنجمد ہوجائےگی۔

سیکرٹریٹ کی جانب سے یہ نقطہ بھی اٹھایا گیا کہ نئے اراکین کی حلف برداری سے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب تک تمام فرائض چیئرمین سینیٹ کو اداکرنے ہیں۔

اجلاس میں سینیٹ اراکین نے رائے دیتے ہوئے کہا کہ اکثریتی جماعتوں نے چیئرمین سینیٹ کو سپیکر پیٹرن میں تبدیل کرنے کی اورچیئرمین صادق سنجرانی کو نئے چیئرمین کے آنے تک توسیع دینے کی حمایت کردی ہے۔