تحریک انصاف نے عمران خان اورراہنماﺅں کی رہائی کے لیے سینیٹ میں بھی قرارداد جمع کروادی

سیاسی انتقام نے ملک کی معیشت اور ساکھ کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے، عمران خان، ان کی اہلیہ بشری بی بی اور شاہ محمود قریشی کو جھوٹے مقدمات سے رہا کیا جائے.قرارداد کا متن

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف نے سابق وزیراعظم عمران خان سمیت تحریک انصاف کے گرفتار راہنماﺅں کی رہائی کے لیے سینیٹ میں قرارداد جمع کروادی ہے نجی ٹی وی کے مطابق قرارداد سینیٹر فلک ناز چترالی کی جانب سے جمع کرائی گئی، قرارداد میں موقف اپنایا گیا ہے کہ سیاسی انتقام نے ملک کی معیشت اور ساکھ کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے، عمران خان، ان کی اہلیہ بشری بی بی اور شاہ محمود قریشی کو جھوٹے مقدمات سے رہا کیا جائے.
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یاسمین راشد و دیگر خواتین اور جھوٹے مقدمات میں گرفتار صحافیوں کو بھی رہا کیا جائے یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف نے بانی چیئرمین عمران خان سمیت دیگر سیاسی راہنماﺅں اور اسیر صحافیوں کی رہائی کے لیے قرارداد پارلیمنٹ ہاﺅس میں جمع کروائی تھی، قرارداد سابق اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصرنے دیگر راہنماﺅں کے ہمراہ جمع کرائی اس قرارداد میں بھی سابق وزیراعظم عمران خان و دیگر پارٹی راہنماﺅں شاہ محمود قریشی، چوہدری پرویز الہٰی اور اعجاز چوہدری کے علاوہ گرفتار صحافیوں کے خلاف غیرقانونی مقدمات ختم کرکے فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے.
قرارداد میں مو قف اختیار کیا گیا ہے کہ سیاسی بنیادوں پر قائم کیے گئے مقدمات کی کوئی حیثیت نہیں ہے قبل ازیں رہنما پاکستان تحریک انصاف اسد قیصر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم بانی چیئرمین عمران خان پر بنائے گئے مقدمات کو واپس لینے کے لیے قرارداد لارہے ہیں . ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک قرارداد قومی اسمبلی میں جمع کروانے جارہے ہیں سابق وزیراعظم عمران خان پر غیرقانونی مقدمات بنائے گئے چنانچہ ہم قرارداد جمع کروا رہے ہیں کہ عمران خان پر جتنے مقدمات ہیں وہ واپس لیے جائیں اور شاہ محمود قریشی سمیت دیگر گرفتار خواتین اور کارکنوں کو بھی رہا کیا جائے.
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ اگلے اجلاس میں ہم اس قرارداد کو پاس کروائیں گے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 9 مئی واقعات کی ہمیشہ مذمت کی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ 9 مئی واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، ایک طرف ہم پر ظلم ہورہا ہے تو دوسری طرف مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا جارہا ہے سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے متنبہ کیا کہ اگر ہمیں اپنا حق نہ ملا تو پھر سڑکوں پر احتجاج ہوگا.