اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے عام انتخابات کے بعد 14 روز کے اندر فارم 45 اور 47 ویب سائٹ پر اپلوڈ نہ کرنے پر الیکشن کمیشن کو نوٹسسز جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں انتخابات کے بعد 14 روز میں فارم 45 اور 47 ویب سائٹ پر اپلوڈ نہ کرنے پر الیکشن کمیشن کے خلاف مجلد وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے کی، متحدہ وحدت المسلمین کی جانب سے وکیل ایمان زینب مزاری عدالت میں پیش ہوئیں۔
درخواست گزار و سربراہ ایم ڈبلیو ایم راجا علامہ ناصر عباس کو بیٹھنے کی ہدایت کی گئی۔ایمان مزاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ الیکشن ایکٹ کے مطابق 14 روز میں انتخابی نتائج کے فارمز ویب سائٹ پر اپلوڈ کرنے ہوتے ہیں، الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق صرف فارمز نہیں بلکہ تمام متعلقہ دستاویزات کو اپلوڈ کرنا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو انتخابات ہونے مگر ابھی تک متعلقہ دستاویزات اپلوڈ نہیں کیے گئے، الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز کسی حد تک فارم 45 اپلوڈ کیے اور پھر ہٹا دیے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو نوٹسسز جاری کرکے جواب طلب کرلیا اور مزید سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔