تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات الیکشن کمیشن میں چیلنج کر دیئے گئے

اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات الیکشن کمیشن میں چیلنج کر دیئے گئے۔ انٹراپارٹی انتخابات کے خلاف دو الگ درخواستیں الیکشن کمیشن میں دائر کی گئیں، محمود خان اور محمد مزمل نے درخواستیں دائرکیں، درخواست میں استدعا کی کہ پی ٹی آئی کا پلیٹ فارم استعمال کرنے سے روکا جائے۔

اکبر ایس بابر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے، مجھے انٹراپارٹی الیکشن کے عمل سے دور رکھا گیا، مخصوص ٹولے کا پارٹی پرقبضہ ہے۔

اکبر ایس بابر نے کہا کہ سپریم کورٹ نے انٹراپارٹی الیکشن کا تاریخی فیصلہ دیا تھا، آج ہم نے مطالبہ کیا ہے ان کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، ہم ماضی کی غلطیوں کو نہیں دہرائیں گے، تحریک انصاف کے ورکرز کا بنیادی حق ہے کہ قیادت کا انتخاب کریں، ایک پارٹی صبح شام مینڈیٹ کا واویلا کرتی ہے، ہم نے الیکشن کمیشن میں اس پر درخواست دائر کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے 2 فروری کو پریس کانفرنس کی تھی اور مصالحت کا راستہ اپنایا تھا، میں نے کہا تھا تمام معاملات کو افہام و تفہیم سے طے کیا جائے۔