الیکشن کمیشن نے فارم46،48 اور 49 بھی جاری کئے ہیں، چاروں صوبائی و قومی اسمبلی کے حلقوں کے فارمز جاری کئے گئے ہیں
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) عام انتخابات کو26روز گزرنے کے بعد الیکشن کمیشن نے فارم 45سمیت دیگر فارم ویب سائٹ پر جاری کر دئیے، الیکشن کمیشن نے فارم 45،46،48 اور 49 جاری کئے ہیں۔ چاروں صوبائی و قومی اسمبلی کے حلقوں کے فارمز جاری کئے ہیں۔الیکشن کمیشن نے حلقہ وائز فارمز جاری کئے ہیں۔جبکہ اس حوالے سے الیکشن ایکٹ الیکشن کمیشن کو پابند کرتا ہے کہ وہ 14دن کے اندر تمام فارم 45 ویب سائٹ پر ڈالے گا۔
قانون کے مطابق 14 دن کے اندر فارم 45کو ویب سائٹ پر جاری کرنا لازمی ہے۔الیکشن ایکٹ کی شق 95 کی ذیلی شق 10 اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو پابند کرتی ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل مجلس وحدت مسلمیں نے الیکشن کمیشن کیخلاف فارم 45، 46، اور 48 جاری نہ کرنے پر درخواست دائر کر رکھی تھی جسے آج قابل سماعت قرار دے دیا گیا تھا۔
قبل ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ نے آج سماعت کے دوران فارم 45 اور 47 ویب سائٹ پر اپ لوڈ نہ کرنے پر الیکشن کمیشن کے خلاف کیس میں ایم ڈبلیو ایم کی درخواست سے اعتراضات دور کر دئیے تھے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر اعتراضات دور کر تے ہوئے اسے کل سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق نے فارم 45 اور 47 ویب سائٹ پراپلوڈ نہ کرنے پر الیکشن کمیشن کے خلاف درخواست پرسماعت کی۔درخواست گزار ایم ڈبلیو ایم کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیاگیا کہ قانون کے مطابق الیکشن کے بعد 14 دنوں کے اندر ویب سائٹ پر فارمز اپ لوڈ کرنا ہوتا ہے۔چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ پہلے اعتراض دور کر لیتے ہیں پھر دیکھتے ہیں۔ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے وکلاءایمان زینب مزاری اور عبدالہادی چٹھہ پیش ہوئے۔عدالت نے کیس کی سماعت کل تک کیلئے ملتوی کر دی ہے۔