شہباز حکومت کے ساتھ مشترکہ مفادات کو آگے بڑھانے پر توجہ مرکوز رہے گی، امریکہ

امریکہ پاکستان کے ساتھ اتحاد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، مریم نواز کا وزیراعلیٰ منتخب ہونا پاکستانی سیاست میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کی پریس بریفنگ

واشنگٹن ( نیوز ڈیسک ) امریکہ نے کہا ہے کہ شہبازحکومت کےساتھ مشترکہ مفادات کو آگے بڑھانے پر توجہ مرکوز رہے گی۔ تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھوملر نے پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان کے ساتھ دیرینہ شراکت داری ہے، امریکہ پاکستان کے ساتھ اتحاد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، خوشحال اور جمہوری پاکستان کو امریکہ اور پاکستان کے مفادات کے لیے اہم سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز کا وزیراعلیٰ منتخب ہونا پاکستانی سیاست میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، خواتین کو ملک کی سیاسی دھارے میں شامل کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون کرنے کے منتظر ہیں، پاک امریکا ویمن کونسل، سول سوسائٹی، فیصلہ سازی کے دیگر اداروں سے تعاون جاری ہے۔
ادھر ترکیہ کے صدر نے نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیلی فون کرکے دوسری مرتبہ پاکستان کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے، رجب طیب اردوان نے شہباز شریف کی کامیابی پر نیک تمناوٴں کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے رشتے کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا ترک صدر نے شہبازشریف کی صلاحیتوں پر مکمل اظہاراعتماد کیا، وزیراعظم نے ترک صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا، دونوں رہنماوٴں نے دو طرفہ تعاون کے مزید فروغ کا عزم ظاہر کیا، رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے بحیثیت وزیراعظم انتخاب پر بہت خوشی ہوئی، پاکستان اور ترکیہ کی ترقی کیلئے مل کر کام کریں گے۔
نومنتخب وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ طیب اردوان کے تہنیتی جذبات کا خیرمقدم کرتا ہوں، انہوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے، ترکیہ نے ہمیشہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کی ، انشا اللہ پاکستان دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرے گا، مسلم ممالک ترکیہ کے اس کردار کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، رجب طیب ایک تجربہ کار رہنما ہیں، ہمیں ان کے تجربہ سے مستفید ہونے کی ضرورت ہے۔
دریں اثناء تاجکستان کے صدر نے بھی شہباز شریف کو دوسری بار وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے اپنے ملک کا دورہ کرنے کی دعوت دی، پاکستان میں تاجکستان کے سفارت خانے کی جانب سے آگاہ کیا گیا کہ تاجکستان کے صدر امام علی رحمان نے شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنا پیغام بھیجا، جس میں صدر امام علی رحمٰن نے کہا کہ امید ہے پاکستان کی پائیدارسماجی و اقتصادی ترقی، لوگوں کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے کیلئے شہباز شریف اہم کردار ادا کریں گے۔