قومی اسمبلی میں عمران خان کی رہائی کیلئے قرارداد جمع

دیگر سیاسی رہنماؤں اور اسیر صحافیوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کردیا گیا

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی رہائی کے لیے قومی اسمبلی میں قرارداد جمع کروادی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کے لیے قراردادقومی اسمبلی میں جمع کرائی ہے، قرارداد سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ جمع کروائی، جس میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں اور اسیر صحافیوں کی بھی رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
قرارداد کا متن ہے کہ امت مسلمہ کے لیڈر عمران خان پر جتنے غیر قانونی مقدمات ہیں وہ ختم کیے جائیں اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو فوری رہا کیا جائے، بانی پی ٹی آئی پر بنائے گئے تمام مقدمات غیر قانونی اور سیاسی بنیادوں پر قائم کیے گئے جن کی کوئی حیثیت نہیں، قانون کا غلط استعمال فی الفور بند ہونا چاہیئے، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد، سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی اور سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ کو بھی رہا کیا جائے۔
تحریک انصاف کا قرارداد میں کہنا ہے کہ صنم جاوید، اعجاز چوہدری، محمود الرشید اور دیگر تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے، سیاسی انتقامی کارروائیاں ملکی مفاد میں ہیں نہ عوام کے مفاد میں ہیں، عوام سے دور کرنے کیلئے بغیر کسی ثبوت کے یہ مقدمات قائم کیے گئے، ہم صحافی عمران ریاض اور اسد طور پر قائم مقدمات بھی فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
اسی معاملے پر سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ابھی تک منافقت چل رہی ہے مفاہمت نہیں، جو لوگ جیلوں میں ہیں پہلے انہیں تو نکالیں پھر مفاہمت کی بات ہوگی، ہزاروں کارکنوں کی رہائی کے بغیرشہبازشریف کی مفاہمت کی بات منافقت لگتی ہے، شہباز شریف نے جو کل مفاہمت والی بات کی وہ اچھی ہے لیکن ہزاروں لوگ جیلوں میں ہوں تو یہ بات بڑی منافقت لگتی ہے، سیاسی کارکنان کو رہا کریں تو پھر مفاہمت کی بات کریں۔