پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال،شہزاد فاروق،حافظ ذیشان سمیت متعدد گرفتار

ملک کے مختلف حصوں میں مظاہرے جاری،مظاہرین نے مبینہ مینڈیٹ چرانے پر شدید نعرے بازی کی،پولیس نے گرفتار کارکنوں کو قیدیوں کی وین میں بیٹھا کرروانہ کر دیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصا ف کی جانب سے احتجاج کی کال پر مظاہرے کرنے پر پولیس نے شہزاد فاروق ،حافذ ذیشان سمیت متعدد افراد کو گرفتار کرلیا،لاہور کے کئی مقامات پر پی ٹی آئی کا احتجاج جاری ،لاہورہائیکورٹ کے دروازے پر احتجاجی مظاہرہ میں انصاف لائرز فورم سمیت پارٹی کارکن بھی موجود تھے ۔لاہورمیں احتجاج کرنے والے وکلاءکو بھی پارکنگ ایریا میں بند کرکے تالا لگا دیا گیا۔
پاکستان تحریکِ انصاف نے عام انتحابات میں مبینہ دھاندلی کیخلاف آج 2 مارچ بروز ہفتہ کو ملک بھرمیں احتجاج کرنے کی کال دے رکھی ہے، پولیس نے اس اعلان کے بعد اسلام آباد اور لاہورمیں سیکیورٹی سخت کردی۔ وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔پی ٹی آئی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف ان کی جماعت کے کارکنان آج ملک بھر میں احتجاج کریں گے۔
لاہور میں مظاہرین نے مبینہ مینڈیٹ چرانے پر شدید نعرے بازی کی۔رہنما پی ٹی آئی میاں شہزاد فاروق اورحافظ ذیشان جیسے ہی ریلی کے ہمراہ جی پی او چوک پہنچے تو پولیس نے شہزاد فاروق اور حافظ ذیشان سمیت دیگر افراد کو گرفتارکرکے انہیں قیدیوں کی وین میں بیٹھا کرروانہ کردیا۔پولیس کا کہنا تھا کہ دفعہ 144 بھی نافذ ہے،کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔

جی پی او چوک پر قیدیوں کی وین اور واٹر کینن بھی جی پی او چوک موجود ہے۔پولیس نے مظاہرین کو ہائیکورٹ پارکنگ میں دھکیل دیا۔ پولیس افسران سے کہا گیا ہے کہ جو کوئی بھی احتجاج کیلئے سڑکوں پر آئے گا اسے گرفتار کریں۔حالیہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف ملک کے مختلف حصوں میں پی ٹی آئی کااحتجاج جاری ہے۔این اے 56 سے پی ٹی آئی حمایت یافتہ امیدوار شہریار ریاض لیاقت باغ پہنچے ۔
شیر افضل مروت کے آنے کے بعد ریلی اسلام آباد کی طرف روانہ ہوگی۔ مظاہر ین کا کہنا تھا کہ ہم پورے ملک میں دھاندلی کے خلاف پر امن احتجاج کررہے ہیں۔پورے پاکستان میں مینڈیٹ چوری کے خلاف لوگ سراپا احتجاج ہیں۔پی ٹی آئی نے اپنے احتجاج کے لیے صرف صوبہ پنجاب میں 30 سے زائد مقامات کا اعلان کررکھا ہے۔پی ٹی آئی حمایت یافتہ امیدوار شہریار ریاض نے کہا کہ جب فارم 45 کے ساتھ انصاف ہوگا تو ہمارے مظاہرے ختم ہونگے،ہم دھاندلی کے خلاف متعلقہ فورمز گئے ہیں لیکن ہم سڑکوں پر بھی احتجاج کرینگے،جنوبی پنجاب کی سطح پر ہمارے تمام جماعتوں کے ساتھ رابطے ہیں۔
دھاندلی کے خلاف کافی جماعتیں ہمارے ساتھ ہیں۔اسی طرح کراچی میں بھی حلیم عادل شیخ کا دھاندلی کے خلاف احتجاج میں شرکت کیلئے دھابیجی پہنچنے پر استقبال کیا گیا۔ پی ٹی آئی رہنما رئیس ارسلان خان بروہی کی قیادت میں سینکڑوں کارکنوں نے حلیم عادل شیخ کا استقبال کیا۔کارکنوں نے الیکشن کمیشن کیخلاف نعرے بازی کی ۔