پی ٹی آئی کا دھاندلی کے خلاف ملک گیر گرینڈ الائنس بنانے کا اعلان

جعلی مینڈیٹ والی حکومت کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے، جب تک ادارے آئین پر نہیں چلیں گے ملک نہیں چل سکتا۔ رہنماء تحریک انصاف اسد قیصر کی میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف نے دھاندلی کے خلاف ملک گیر گرینڈ الائنس بنانے کا اعلان کردیا۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماء اسد قیصر نے کہا کہ دھاندلی کے خلاف گرینڈ الائنس بنانے جارہے ہیں، جن کا مینڈیٹ چھینا گیا ان تمام سیاسی قوتوں کو اکٹھا کریں گے، جعلی مینڈیٹ والی حکومت کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے، عوامی عدالت میں یہ لوگ ہار گئے، اصلی مینڈیٹ ہمارے پاس ہے، عدلیہ آزاد نہیں اور جب تک ادارے آئین پر نہیں چلیں گے ملک نہیں چل سکتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف محمود خان اچکزئی کی صدارتی انتخاب میں حمایت کرے گی، محمود اچکزئی کی حمایت کر کے ہم نے بلوچستان کے عوام کو پیغام دیا ہے کہ وہ ہماری جان اور آن ہیں اور ہمارے دل میں رہتے ہیں، یہ پیغام ہے کہ ہم بلوچستان کو مسائل سے نکالنے کیلئے جدوجہد کریں گے۔
اسی حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے بانی چیئرمین عمران خان کے ویژن کی روشنی میں ہم نے اپنی پرامن سیاسی جدوجہد کو ہمیشہ آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے آگے بڑھایا ہے مگر تحریک انصاف کو انتخابات سے جبراً باہر کرنے کی ہر ممکن کوشش کے باوجود جمہور (عوام) نے 8 فروری کو عمران خان اور ان کی جماعت کو اپنے مینڈیٹ سے نوازا تو 5th جنریشن دھاندلی سےعوامی مینڈیٹ پر تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکہ ڈالتے ہوئے عوام کی منتخب اکثریت کو زبردستی اقلیّت میں بدل دیا گیا۔

پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف دستور، جمہوریت اور پارلیمان پر یہ حملہ کسی طور گوارا نہیں کرے گی چنانچہ عوامی مینڈیٹ کے تحفّظ کیلئے ہر ممکن قانونی، جمہوری اور سیاسی رستہ اختیار کیا جائے گا، بانی چیئرمین عمران خان کی کال پر آج مؤرخہ 2 مارچ بروز ہفتہ ملک بھر میں مختص کیے گئے مقامات پر نہایت بھرپور انداز میں پرامن احتجاج کیا جائے گا، عوام سےاپیل ہے کہ اپنے ووٹ کی حرمت اور مینڈیٹ چوروں سے اپنا مینڈیٹ واپس نکلوانے کیلئے نکلیں اور اس پرامن احتجاج میں شریک ہوں۔